وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز ہولڈنگ کمپنی کے قیام کی منظوری دیدی

وزیر اعظم نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 21 مارچ 2024 12:34

وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز ہولڈنگ کمپنی کے قیام کی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ2024 ء) وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز ہولڈنگ کمپنی کے قیام کی منظوری دیدی،وزیر اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہوائی اڈوں کی آوٴٹ سورسنگ کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو دنیا بھر کے بہترین متعلقہ سرمایہ کاروں کو پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے قائل کرے گی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ پی آئی اے کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فی الحال ہولڈنگ کو کے سی ای او کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

(جاری ہے)

وزارت تجارت کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی جو درآمدات اور برآمدات سے متعلق پابندیوں سے استثنیٰ کا تعین کرے گی۔وفاقی وزیر تجارت اس کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جو ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013 کی دفعہ 21 کے تحت استثنیٰ کا تعین کرے گی اور اس حوالے سے اپیلوں کی سماعت بھی کریگی۔وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگریب نے وفاقی کابینہ کو بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔

انہوں نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا کہ نئے طویل مدتی پروگرام کے حوالے سے آئی ایم ایف کے ساتھ ابتدائی بات چیت ہوئی ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں میر علی دہشت گرد حملے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نئی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم میر علی دہشت گرد حملے کے شہداءکو سلام پیش کرتی ہے۔ کابینہ نے ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔