یوم پاکستان پریڈ،راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے 2روزہ عام تعطیل کا اعلان کردیا

شہر بھر میں 21 اور 22 مارچ کو عام تعطیل ہوگی،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے چھٹیوں کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 21 مارچ 2024 12:49

یوم پاکستان پریڈ،راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے 2روزہ عام تعطیل کا اعلان ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ2024 ء) راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے یوم پاکستان پریڈ کے پیش نظر 2روزہ عام تعطیل کااعلان کر دیا، شہر بھر میں 21 اور 22 مارچ کو عام تعطیل ہوگی۔ضلعی انتظامیہ نے چھٹیوں کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق دفعہ 144 یوم پاکستان سے قبل حفاظتی اقدامات کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی وقار حسین چیمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اس دوران تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے، تاہم اس نوٹیفکیشن کا SSC-1 کے سالانہ امتحان BISE راولپنڈی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔راولپنڈی ریونیو کی حدود میں پتنگیں اڑانے، لیزر لائٹس، ہوائی فائرنگ، ڈرون کیمروں کے استعمال اور کبوتروں کے اڑانے پر 22 مارچ تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

23 مارچ کو یومِ پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی مسلح افواج کی روایتی پریڈ کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں۔اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراوٴنڈ میں ہونے والی یوم پاکستان پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے ساتھ، رینجرز، ایف سی اور پولیس کے دستے حصہ لیں گے۔ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین جے 10 سی، جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔

پاکستان کی رنگین ثقافت کو پریڈ میں آنے والے مہمانان خصوصی کیلئے دلچسپ طریقے پیش کرنے کی بھی تیاریاں پورے جوش و جذبے سے تکمیل کو پہنچ رہی ہیں۔رواں سال ہونے والی یومِ پاکستان پریڈ میں خواتین کی بھرپور نمائندگی بھی دکھائی دے گی۔ وفاقی اکائیوں کی خوبصورت اور متنوع ثقافت کی نمائندگی کرنے والے روایتی فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ بنیں گے جس میں پنجاب ،سندھ،بلوچستان،خیبرپختونخواہ،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان کے فلوٹ پریڈ کا حصہ ہونگے۔یاد رہے گزشتہ سال موسم کی خرابی کے باعث 23مارچ کو ہونے والی پریڈ کو منسوخ کر دیاگیاتھا۔