سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن، 1 دہشت گرد ہلاک، 2 زخمی

خفیہ آپریشن میں مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 مارچ 2024 13:06

سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن، 1 دہشت گرد ہلاک، ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2024ء) سکیورٹی فورسز کے پنجگور میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے نتیجے میں 1 دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پنجگور میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، اس دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں پتا لگا کر دہشت گرد چاکر لیاقت کو جہنم واصل کر دیا گیا جب کہ آپریشن میں 2 دہشت گرد زخمی ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہا، سینیٹائزیشن آپریشن علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشتگرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے شہید ہونے والے فوجی جوان 28 سالہ سپاہی عمران علی اور 35 سالہ سپاہی بہار خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں، مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ پاک فوج کا ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف کامیاب آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دوران آپریشن میں دو دہشتگردوں کو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا، اس حوالے سے سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اور 2 دہشت گردوں کو زخمی کردیا۔

آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث تھے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔