خوشی کے عالمی دن کے موقع پردنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری،پاکستان 108ویں نمبر

دنیا میں سب سے زیادہ خوش مسلم ملک کا اعزاز کویت کے حصے میں آیا جو مجموعی طور پر 13 ویں نمبر پر ہے

جمعرات 21 مارچ 2024 15:29

خوشی کے عالمی دن کے موقع پردنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست  جاری،پاکستان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) خوشی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے تعاون سے دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں پاکستان کا 108 واں نمبر ہے۔گزشتہ سال بھی پاکستان کے حصے میں یہی نمبر آیا تھا تو بظاہر 2023ایک ایسا سال ثابت ہوا جس کے دوران اقتصادی، سیاسی اور دیگر بحرانوں نے پاکستانی عوام کو مایوس تو نہیں کیا مگر خوش بھی نہیں ہونے دیا۔

اسی طرح بھارت بھی گزشتہ سال کی طرح 143 ممالک میں 126 ویں نمبر پر رہا، یعنی اس معاملے میں پاکستانی بھارتی شہریوں سے آگے ہیں۔اس سال کی رپورٹ میں پہلی بار عمر کے گروپس کے لحاظ سے بھی ممالک کی رینکنگ کی گئی ہے اور بری خبر یہ ہے کہ دنیا کے کچھ حصوں میں نوجوانوں کے اندر خوشی کے احساس میں کمی کو دریافت کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس فہرست کی تیاری کے لیے 140 سے زائد ممالک کے افراد سے 2021 سے 2023 کے دوران ہونے والے عالمی سروے کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ممالک کی درجہ بندی کے لیے فی کس آمدنی، متوقع زندگی، سماجی مدد، آزادی، سخاوت اور کرپشن جیسے عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔ان تمام معاملات میں فن لینڈ نے سب سے زیادہ اسکور حاصل کرکے مسلسل 7 ویں سال نمبرون پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈنمارک اور آئس لینڈ بھی بدستور دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔اس سال سوئیڈن نے چوتھا نمبر حاصل کیا جو گزشتہ سال چھٹے نمبر پر تھا جس کے بعد اسرائیل 5 ویں، نیدرلینڈز چھٹے، ناروے 7 ویں، لگسمبرگ 8 ویں، سوئٹزر لینڈ 9 ویں جبکہ آسٹریلیا 10 ویں نمبر پر رہا۔

دنیا میں سب سے زیادہ خوش مسلم ملک کا اعزاز کویت کے حصے میں آیا جو مجموعی طور پر 13 ویں نمبر پر رہا اور مشرق وسطی میں اسے پہلا نمبر ملا۔نیوزی لینڈ، کوسٹا ریکا، کویت، آسٹریا، کینیڈا، بیلجیئم، آئرلینڈ، چیک ریپبلک، لتھوانیا اور برطانیہ بالترتیب 11 سے 20 ویں خوش ترین ملک قرار پائے۔اسی طرح ایشیا میں سب سے زیادہ خوش ملک کا اعزاز سنگاپور کے حصے میں آیا جو 30 ویں نمبر پر رہا۔

امریکا طویل عرصے بعد ٹاپ 20 سے باہر ہوگیا اور اس کے حصے میں 23 واں نمبر آیا۔اس کے مقابلے میں دنیا میں سب سے ناخوش ملک افغانستان رہا جو 143 ویں نمبر پر موجود ہے جس کے بعد لبنان 142 ویں کے ساتھ دوسرے جبکہ لیستھو 141 ویں کے ساتھ تیسرا، سیرالیون 140 ویں کے ساتھ چوتھا جبکہ کانگو 139 ویں نمبر کے ساتھ 5 واں ناخوش ملک قرار پایا۔دنیا کے 20 ناخوش ممالک میں زمبابوے (138ویں، بوٹسوانا 137ویں، ملاوی 136 ویں، ایسواتینی 135ویں، زیمبیا 134ویں، یمن 133 ویں، کمروز 132 ویں، تنزانیہ 131 ویں، ایتھوپیا 130 ویں، بنگلا دیش 129 ویں، سری لنکا 128 ویں، مصر 127 ویں، اردن 123 ویں، بھارت 126 ویں،اردن 125 ویںاور ٹوگو 124 ویںشامل ہیں۔

اس بار عمر کے گروپس کے لحاظ سے بھی ممالک کی درجہ بندی کی گئی تھی اور 30 سال سے کم عمر افراد میں خوشی کے لحاظ سے لتھوانیا پہلے نمبر پر رہا۔اس فہرست میں پاکستان کے حصے میں 107 واں نمبر آیا جبکہ بھارت اور بنگلا دیش بالترتیب 127 اور 128 ویں نمبر پر رہے اور افغانستان سب سے آخر میں رہا۔60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی فہرست میں ڈنمارک سرفہرست رہا جبکہ اس معاملے میں بھارت 121اور بنگلا دیش 120 پاکستان 122سے آگے رہے۔