اسری یونیورسٹی حیدرآباد میں ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

جمعہ 22 مارچ 2024 14:45

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) اسری یونیورسٹی حیدرآباد میں ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی اسری اسلامک فائونڈیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی جبکہ اعزازی مہمان ڈبلیو ایچ او سندھ کے ڈاکٹر بدر منیر تھے۔ سیمینار کا مقصد عوام میں صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

سیمینار کا اہتمام اسری یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے 3 بین الاقوامی صحت کے دنوں سے متعلق کیا۔ جس میں ٹی بی، صحت اور ملیریا کا عالمی دن منایا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسری اسلامک فائونڈیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے محکمہ صحت سندھ کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوے اسری فلاحی ہسپتال میں ٹی بی کی تشخیصی سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ اسری فلاحی ہسپتال پسماندہ اور مستحق مریضوں کی مفت علاج معالجے میں اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ملیریا اور ٹی بی پر ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔اور امید ہے کہ انشاء اللہ پاکستان بھی ان بیماریوں پر جلد قابو پا لے گا۔ مقررین نے مزید کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر تپ دق اور ٹی بی کی بیماریاں انتہائی خطرناک ہیں جو روزانہ 4,000 سے زیادہ جانیں لے رہے ہیں اور سالانہ تقریباً 10 ملین نئے کیسز بھی رپورٹ ہو رہے ہیں اور اسی طرح ملیریا کی بیماری بھی انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے۔

سیمینار میں بین الاقوامی مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں امریکہ سے ڈاکٹر ایاز صمدانی، برطانیہ سے ڈاکٹر حیدر علی تالپور اور کینیڈا سے ڈاکٹر ناصر جمال پٹھان شامل تھے۔ ملیریا اور ٹی بی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق شاہ نے صحت عامہ کے چیلنجز سے متعلق خطاب کرتے ہوئے اسرا یونیورسٹی کی تحقیق اور بیداری کی کوششوں کی تعریف کی۔

شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے چیئرپرسن پروفیسر حسین بخش کولاچی نے پاکستان میں ٹی بی کے نئے کیسز کی تشویشناک شرح اور EMRO ریجن میں اس پر موجود بوجھ پر تشویش کا اظہار کیا۔ پلمونولوجسٹ ڈاکٹر صائمہ سراج جتوئی نے مریضوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ تین ہفتوں سے زیادہ مسلسل کھانسی کا سامنا کر رہے ہوں تو فوری ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور تشخیص میں تاخیر نہ کریں۔

سیمینار میں ڈاکٹر عامر دبیر (ڈپٹی ڈی جی ہیلتھ)، ڈاکٹر ثمرین اشرف (ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹی بی پروگرام)، ڈاکٹر سنیتا کماری ننکانی (ریجنل کوآرڈینیٹر IRD)، ڈاکٹر امانت اللہ خان پٹھان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عدنان باوانی، ڈاکٹر اکبر میمن، ڈاکٹر فدا حسین شیخ، ڈاکٹر نسرین میمن، ڈاکٹر صائمہ جتوئی اور مس عالیہ ناصر (ہمدرد یونیورسٹی کراچی) بھی موجود تھیں۔ اسری یونیورسٹی کے طلباء نے ٹی بی، ملیریا اور صحت کے عالمی دن کے حوالے سے اپنی پریزنٹیشنز اور پوسٹرز پیش کئے۔ سیمینار کے اختتام پر مہمان اور مقررین میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ جبکہ سیمینار میں پروفیسرز، ڈاکٹرز، نرسز اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔