یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں اپنے پیارے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے مشترکہ مقصد کے لیے تجدید عہد کرنا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 22 مارچ 2024 16:36

یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں اپنے پیارے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ کو قوم اپنے بانی اجدادکی دور اندیشی، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایک ایسے وطن کے قیام کے لیے انتھک محنت کی جہاں آزادی، انصاف اور مساوات کا راج ہوگا۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے یوم پاکستان کو ملک کے بانیان کی جدجہداور ترقی کی جانب ہمارے اجتماعی سفر کو سلام پیش کرنے کا دن قرار دیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت بانی اجداد کے نظریات بالخصوص بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کی پاسداری کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج اس اہم دن کے موقع پر ہم اپنے شہید قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے غیر متزلزل عزم کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے خوف ہوکر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور اس عظیم مقصد کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث ہمارے لیے ان کے مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کے سفر میں ہمارے لیے رہنمائی کی کرن بنی رہے گی۔

پی پی پی چیئرمین نے ہر پاکستانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں اپنے پیارے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے مشترکہ مقصد کے لیے تجدید عہد کرنا چاہیے۔ آئیے ہم سب مل کر امید، حوصلہ،عزم کے ساتھ اور یقین سے آگے بڑھیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور امید افزا ہے۔