شہباز شریف کی قیادت میں قومی معیشت بہتر ہوگی، سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، شنزہ فاطمہ

سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، ریاست کو بچانے کے لئے کچھ مشکل فیصلے کرنا پڑے ہیں، ملک کی ترقی اور عوام کی بہتری کے لیے ہمیں بحیثیت قوم مل کر آگے بڑھنا ہوگا، وزیرمملکت کی رانا مشہور اور رومینہ خورشید عالم کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 22 مارچ 2024 16:58

شہباز شریف کی قیادت میں قومی معیشت بہتر ہوگی، سرمایہ کاری کے لئے نجی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں قومی معیشت بہتر ہوگی، سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، ریاست کو بچانے کے لئے کچھ مشکل فیصلے کرنا پڑے ہیں، ملک کی ترقی اور عوام کی بہتری کیلئے ہمیں بحیثیت قوم مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

وہ جمعہ کو یہاں مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما رانا مشہود اور رومینہ خورشید عالم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ عوام کو مختلف مسائل درپیش ہیں تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں انشا اللہ ملک کے حالات میں نمایاں بہتری دیکھی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ شہباز شریف کی قیادت میں ایک مرتبہ پھر ملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا، شہباز شریف نے پچھلے 16 ماہ کی حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ شزہ فاطمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر پچھلے 16 ماہ میں بھی ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار دیئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار فراہم کرنا ہوگا،اس کے بغیر ملک کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود ہے، اس میں بہتری کیلئے مشاورت اور مثبت اقدامات کی گنجائش ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی بہتری کے لیے ہمیں بحیثیت قوم مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو معاشی بوجھ سے بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کے لئے دن رات کام کریں گے،وزیر اعظم کی پوری ٹیم اس حوالے سے بھرپور عزم رکھتی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مسلم لیگ (ن)نے ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنایا، اب بھی ہماری حکومت پوری لگن سے کام کرے گی۔مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما رانا مشہود نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں جو ملک کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتا ہے وہ پروپیگنڈے کی نذر ہو جاتا ہے، نواز شریف نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، ایک سازش کے تحت نواز شریف کو نااہل کر کے معیشت تباہ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ڈونلڈ لو کے بیان پر قوم سے معافی مانگنی چاہئے، بانی پی ٹی آئی نے اپنی سیاست اور کرسی کے لئے بار بار پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بعض عناصر کے اداروں کے خلاف مذموم پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ سرحدوں کی حفاظت اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، کچھ بدبودار لوگ اداروں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں تاکہ ان اداروں کو کمزور کیا جائے مگر یہ سازشی عناصر کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا تھا،موجودہ چیلنجز سے بھی ہم نجات دلائیں ے۔رانا مشہود نے کہا کہ شہباز شریف نے 2018 میں چارٹر آف اکانومی کا نعرہ لگایا تھا جو ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے انتہائی ضروری ہے، معیشت مضبوط ہوگی تو روزگار ملے گا، خواتین کو مواقع میسر آئیں گے، ملک کی ترقی کیلئے خواتین کو برابر کھڑا کرنا ہوگا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی میں آج ایک ہی وژن ہے کہ ہم نے قرضے ختم کر کے سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔