آزاد کشمیر میں فروری میں ہونے والی بارشوں و برف باری کے متاثرین کیلئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی طرف سے مالی امداد پہنچا دی گئی

جمعہ 22 مارچ 2024 20:20

جہلم ویلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) آزاد کشمیر میں فروری میں ہونے والی بارشوں و برف باری کے متاثرین کے لئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی طرف سے مالی امداد ضلع جہلم ویلی سے تعلق رکھنے والے متاثرین تک بھی پہنچادی گئی ۔اس حوالے سے جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ضلع جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی نے اپنے آفس میں متاثرین میں چیک تقسیم کیے ، متاثرین کے مکانات کو جزوی اور مکمل نقصان پہنچا تھا جس پر ان کو فی کس ساڑھے تین لاکھ اور سات لاکھ روپے دئیے گئے۔

امدادی چیکس وصول کرنے کے بعدمتاثرین نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیراعظم آ زاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے شہریوں کا خیال رکھا اور ہماری مالی امداد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ہر مشکل میں پاکستانی قوم اور حکومت نے کشمیریوں کی دل کھول کر مدد کی اور مشکل سے نکالا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان گورنمنٹ کے شکر گزار ہیں جو ہر مشکل میں کشمیریوں کی پشت پر کھڑی رہتی ہے ۔اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کے مسائل سے آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، بارش و برفباری کے متاثرین کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے فوری امداد سے لوگوں کو بڑا ریلیف ملا ہے۔