جی ڈی اے کی سابق وفاقی وزیر غلام مرتضی خان جتوئی کے 8ملازمین کی گرفتاری ،گھریلو قیمتی سامان اٹھا کر لے جانے کی مذمت

گرفتار ملازمین کو رہا اور انتقامی کارروائیاں بند نہیں ہوئی تو جی ڈی اے سندھ بھر میں احتجاج کریگی،ڈاکٹر صفدر علی عباسی /سردار عبدالرحیم

جمعہ 22 مارچ 2024 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی اور سیکریٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ زرداری لیگ فراڈ الیکشن کے ذریعے اقتدار میں آکر اپنے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے جی ڈی اے کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر رئیس غلام مرتضی خان جتوئی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے تھے وہ عدالت سے ضمانت پر ہیں لیکن زرداری مافیا نے جعلی حکومت کے نشے کی طاقت میں سندھ بھر میں اپنے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہے اور گزشتہ رات ضلع نوشہرو فیروز اور نوابشاھ کی پولیس نے زرداری مافیا کی ایجنٹ بن کر رئیس غلام مرتضی خان جتوئی کی زمینوں پر قائم حویلیوں پر چڑھائی کرتے ہوئے بیگناہ 8 ملازمین کو گرفتار 6 موٹرسائیکل اور دیگر قیمتی گھریلو سامان لیکر چلے گئے جی ڈی اے رہنماں نے ان واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زرداری لیگ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر کنٹرول کرنے کے بجائے اپنے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہے اور جھوٹے مقدمات درج کرکے بیگناہ لوگوں کو تنگ اور حراساں کیا جا رہا ہے جی ڈی اے کے رہنماں نے کہا کہ غلام مرتضی خان جتوئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں فوری طور پر بند کر کے گرفتار ملازمین کو رہا اور پولیس کی جانب سے لوٹا ہوا سامان واپس نہیں کیا تو سندھ بھر میں زرداری لیگ کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔