یوم پاکستان وطن کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کےعہد کی تجدید کا دن ہے ،سردارسربلند خان

جمعہ 22 مارچ 2024 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلندخان جوگیزئی نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ءبرصغیر کی تاریخ کا ایک ایسا عظیم دن ہے جو تمام پاکستانیوں کے لئے قابل فخرہے کہ جس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی جو کہ مسلمانان ہند کی حصول پاکستان کی جانب جدوجہد کا سنگ میل ثابت ہوئی، یوم پاکستان کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں سردار سربلندجوگیزئی نے کہا کہ آج کا دن تدبر قائد و فکر اقبال کا مشترکہ عکاس ہے یہ ایک ایسا سنہرا دن ہے کہ جس دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی فہم و فراست، یقین محکم، سیاسی تدبر، اور عملی جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کی جنہوں نے مسلمانوں کو ایک اقلیت نہیں بلکہ ایک الگ قوم قرار دیا جو اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے اور جو ایسے کسی آئین کو قبول نہیں کرسکتی جو مسلمانان ہند کے حقوق سے متصادم ہو۔

(جاری ہے)

اس کا عملی نمونہ 1945 کے انتخابات ہیں جس میں مسلمانوں کو واضح سیاسی برتری حاصل ہوئی ،انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کی بنیاد اور یہاں آباد مختلف اقوام اور اکائیوں کے حقوق کے تعین اور تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ہم اپنے پاک وطن کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لئے بحیثیت متحد قوم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔