پیپلزپارٹی حکومت کا کارپوریٹ فارمنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ

ہفتہ 23 مارچ 2024 15:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) نگران حکومت سندھ کی جانب سے جنوری میں قوم پرست جماعتوں کے تحفظات اور مخالفت کے باوجود فوج کی حمایت یافتہ کمپنی کو 52 ہزار ایکڑ سے زائد زمین کارپوریٹ فارمنگ کے لیے دیے جانے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھی صوبے کے زرعی شعبے میں مقامی اور غیر ملکیوں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اس اقدام کو بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس نے بتایا کہ مراد علی شاہ کی زیرِ سربراہی ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کو بتایا گیا کہ نگران کابینہ نے یکم دسمبر 2023 کو کارپوریٹ فارمنگ کے لیے تجویز کی منظوری دی تھی۔وزیراعلیٰ نے محکمہ زراعت کو ہدایت دی کہ اس مقصد کے لیے تجاویز کو حتمی شکل دی جائے تاکہ کارپوریٹ فارمنگ سے متعلق منصوبوں کو شروع کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے محکمہ زراعت کو ہدایت دی کہ مختلف ونگز بشمول تحقیقی مراکز کو کسانوں، کاشتکاروں اور معیشت کے بہترین مفاد کے لیے مضبوط بنایا جائے۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے صوبے میں بنجر زمین پر کارپوریٹ فارمنگ کے لیے بیج، رعایتی نرخوں پر کھاد اور پانی جیسی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تجاویز طلب کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے بنجر زمین پر کارپوریٹ زرعی فارمنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے، مقامی کاشتکاروں کو کارپوریٹ فارمنگ میں یکساں مواقع فراہم ملیں گے، اور کاشتکاری کیلئے جدید طریقے اپنانے کے حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔