Live Updates

صدر آصف زرداری سرائیکی بینک کا وعدہ پورا اور پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ سرائیکی صوبے کیلئے اقدامات کریں، ظہوردھریچہ

ہفتہ 23 مارچ 2024 17:14

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) صدر آصف زرداری سرائیکی بینک کا وعدہ پورا اور پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ سرائیکی صوبے کیلئے اقدامات کریں، عید تک سرائیکی صوبے کا لائحہ عمل نہ دیا گیا تو عید کے بعد احتجاجی مظاہرے ، دھرنے اور لاہور ، اسلام آباد کی طرف ٹرین مارچ ، لانگ مارچ اور پیدل مارچ کے آپشن استعمال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارسرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا فراز نون اور سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین ظہور دھریجہ نے سرائیکستان ہائوس دولت گیٹ ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سرائیکی رہنما خواجہ شعیب الحسن ، رانا نعمان نون اور ملک اعجاز کھنڈ بھی موجود موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ملتان کا دورہ تیسری مرتبہ منسوخ کیا ہے ، حکمران خوفزدہ ہیں کہ ملتان جانے پر لوگ صوبے کا مطالبہ کریں گے ، ہم واضح کرتے ہیں کہ اب وسیب کے لوگوں کو ہر صورت صوبہ دینا ہوگا ، سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز جس طرح انتخابی جلسوں کے دوران سرائیکی سے محبت اور سرائیکی میں خطاب کرتے رہے ہیں اب وقت ہے کہ وہ سرائیکی وسیب کی محرومیوں کے خاتمے اور صوبے سرائیکستان کے قیام کے لیے بڑے فیصلے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وسیب کے لوگ الگ ملک نہیں بلکہ صوبہ مانگتے ہیں جو کہ وفاق کے توازن اور استحکام کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سول سیکرٹریٹ مذاق بنا دیا گیا ہے، ایڈیشنل سیکرٹریز کے پاس کوئی اختیار نہیں، سب کچھ لاہور سیکرٹریٹ سے ہو تا ہے، وسیب کے لوگوں کو اب لاہور ، ملتان اور بہاولپور کے چکر لگانے پڑتے ہیں جو کہ وسیب کے لیے سخت اذیت کا باعث ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سول سیکرٹریٹ کو مکمل فعال کرنے کے لیے فنڈز الگ کیے جائیں اور ملازمتوں کا الگ کوٹہ مقرر کیا جائے۔ سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ حسب سابق یکم اپریل 2024ء کو اپریل فول کی بجائے اپریل پھول کے طور پر منائینگے اور ہیڈ محمد والا ملتان کے مقام پر دریائے چناب میں پھول ڈالے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 22مارچ کو دریائوں کا عالمی دن منایا گیا ہے مگر سرائیکی وسیب کو پانی سے حق سے محروم رکھنے کے خلاف کسی نے بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے، نئے ڈیمز اس لیے نہیں بنائے جا رہے کہ کالا باغ ڈیم سرائیکی وسیب میں بننا ہے۔ سرائیکی رہنمائوں نے لاہور میں اورنج ٹرین کے بعد کھربوں روپے کی لاگت سے انڈر گرائونڈ ریلوے ٹرین کے منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف لاہور کا نام پاکستان نہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس منصوبے کی رقم وسیب کی پسماندہ اور محروم علاقے کی مواصلاتی سہولتوں پر خرچ کی جائے ، ضمنی بجٹ میں لاہور کے لیے منظور کیے گئے نواز شریف کینسر ہسپتال اور نواز شریف آئی ٹی یونیورسٹی بھی سرائیکی وسیب میں بننا چاہئیں۔

دریں اثنا سرائیکی رہنمائوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی خان اور بنوں کو سرائیکی صوبے کا حصہ بنایا جائے تاکہ درہ گومل سے دہشت گردوں کی آمد کا سلسلہ بند ہو سکے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات