شہباز شریف کا سابق سفارتکار شہریار خان کے انتقال پر اظہار افسوس

مرحوم منجھے ہوئے سفارتکار تھے، بیرون ملک تعلقات کے فروغ میں احسن کردار ادا کیا، بیان

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق سفارتکار و چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریار خان منجھے ہوئے سفارتکار تھے، بیرون ملک تعلقات کے فروغ میں احسن کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے سابق سفارتکار و چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے انتقال پر گہرے افسوس ورنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر یار خان ایک منجھے ہوئے سفارت کار تھے ، انہوں نے پاکستان کے بیرون ملک تعلقات کے فروغ میں احسن کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپنی بطور ہائی کمشنر اور سفیر تعیناتیوں کے دوران انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مفادات کی بہترین طریقے سے ترویج کی ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے پی سی بی میں بطور چیئرمین دونوں دفعہ اپنی ذمہ داریاں شاندار طریقے سے نبھائیں ۔ وزیراعظم نیمرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعاء اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارت کاری اور کرکٹ کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔