صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

مری، گلیات، کوہستان، بالا کوٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد سمیت خیبرپختوںخوا کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 مارچ 2024 11:22

صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ 2024ء ) صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح ہونے والی بارش اور اس کے بعد چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، مری، گلیات، کوہستان، بالا کوٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد سمیت خیبرپختوںخوا کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے علاقے لاہور، مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کامونکی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا اور حافظ آباد میں بھی بادلوں کے برسنے کے بعد موسم ٹھنڈا ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اسلام آباد اور پشاور میں مطلع ابر آلود رہنے جبکہ مری اور گلیات میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، اس کے علاوہ کوہستان، بالا کوٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد سمیت خیبرپختوںخوا کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ گلگت بلتستان، کشمیر میں بھی کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ادھر فروری میں ہونے والی بارشوں و برف باری کے متاثرین کے لئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی طرف سے مالی امداد ضلع جہلم ویلی سے تعلق رکھنے والے متاثرین تک بھی پہنچادی گئی، ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ضلع جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی نے اپنے آفس میں متاثرین میں چیک تقسیم کیے، متاثرین کے مکانات کو جزوی اور مکمل نقصان پہنچا تھا جس پر ان کو فی کس ساڑھے تین لاکھ اور سات لاکھ روپے دئیے گئے۔

امدادی چیک وصول کرنے کے بعد متاثرین نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیراعظم آ زاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے شہریوں کا خیال رکھا اور ہماری مالی امداد کی، اس سے پہلے بھی ہر مشکل میں پاکستانی قوم اور حکومت نے کشمیریوں کی دل کھول کر مدد کی اور مشکل سے نکالا، ہم پاکستان گورنمنٹ کے شکر گزار ہیں جو ہر مشکل میں کشمیریوں کی پشت پر کھڑی رہتی ہے۔ اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کے مسائل سے آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، بارش و برفباری کے متاثرین کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے فوری امداد سے لوگوں کو بڑا ریلیف ملا ہے۔