ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اس وقت آئی ایم ایف ہی واحد آپشن ہے،جمشیداخترشیخ

اتوار 24 مارچ 2024 15:45

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن ومسلم لیگ(ن) ٹریڈرزونگ اسلام آباد کے صدر جمشید اخترشیخ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ IMF سے نیا طویل المدتی قرضہ لینا انتہائی ضروری ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ معاشی اصلاحات انتہائی ہیں تاکہ ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں،اس وقت آئی ایم ایف کسی حد تک مطمئن ہے جس کی وجہ سے دیگر قرض دہندگان بھی پاکستان پراعتماد کرنے کو تیار ہیں،پرانے قرضوں اور سود کی ادائیگی کیلئے ہرسال اربوں ڈالر کا بندوبست کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ عالمی ادارے کی کفایت شعاری کی پالیسی سے امیر طبقات کم ہی متاثر ہوتے ہیں جبکہ عام آدمی پر گہرا اثر پڑتا ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے عندیہ دیا ہے کہ اب غریب عوام کی بجائے اشرافیہ پر بوجھ منتقل کیاجائے گاجو خوش آئند ہے جبکہ سیاستدان بھی اس مشکل ترین صورتحال میں ملک کی بقاء اور معاشی بحران سے نکلنے کیلئے متحد ہوجائیں حکومت کا ساتھ دیں ورنہ ملک دیوالیہ ہوسکتاہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما جمشیدا خترشیخ نے کہاکہ پاکستان کی معاشی صورتحال سے ہر محب وطن پریشان ہے، وزیراعظم میاں شہبازشریف بھی چاہتے ہیں کہ معاشی حالات کو در ست کیاجائے،معاشی بحران سے نکلنے کیلئے امید ہے عید کے بعدوزیراعظم دوست ممالک کے دورے کریں گے ،سعودی عرب ،ترکی اور چائنہ سمیت دوست ممالک ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں،پاکستان نے بھی ہمیشہ اُن کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھا ہے اور ان کے حل کیلئے کاوشیں بھی کی ہیںجبکہ انہوں نے بھی ہمیشہ پاکستان کے مالی مشکلات میں مدد کی ہے،اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان کی ہونے والی کاوشیں قابل تحسین ہیںہم سمجھتے ہیں کہ بہت جلد ہمارے اقتصادی مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ صنعت کار اور تاجر ریاست کا ایک اہم ستون ہیں، وہ کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،اس کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا،وفاقی حکومت معاشی پالیسی بنانے سے پہلے بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لے۔انہوں نے کہاکہ ،قرارداد پاکستان کے حقیقی نظریے پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو بحرانوں سے نکالاجاسکتاہے،بزنس کمیونٹی سمیت پوری قوم دہشتگردی کیخلاف نبردآزما پاک افواج کی پشت پر کھڑی ہے،آئیں یوم پاکستان پر عہد کریں کہ پاکستان کے استحکام کیلئے اپنی ساری قوتیں صرف کردینگے۔

آج کے دن ہمیں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار اپنے کشمیری بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہئیے ،ہم کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔