Live Updates

تسلی چاہتے ہیں پرویز الٰہی گر کر زخمی ہوئے یا تشدد کیا گیا،مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا اڈیالہ جیل میں معائنے کا مطالبہ

خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے ڈاکٹرز کے ذریعے اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کے طبی معائنے کا مطالبہ کر دیا

اتوار 24 مارچ 2024 16:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) وزیر اعلیI خیبر پختونخوا علیٰ امین گنڈا پور کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے اتوار کو جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں پنجاب حکومت کا رویہ تشویشناک ہے،خیبر پختونخوا حکومت مطالبہ کرتی ہے کہ ان کی میڈیکل ٹیم کو پرویز الٰہی کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت اور رسائی دی جائے۔

مشیر اطلاعات نے کہاکہ ہم اپنی میڈیکل ٹیم کے ذریعے یہ تسلی کرنا چاہتے ہیں کہ پرویز الٰہی گرکر زخمی ہوئے ہیں یا ان پر تشدد کیا گیا۔ بیرسٹرڈاکٹرسیف نے کہا کہ تشویش ہے کہ پنجاب حکومت ذاتی انتقام پر سیاسی مخالفین کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے،بانی پی ٹی آئی اور پرویز الٰہی سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی پنجاب جیل میں ان کی حفاظت و تحفظ پر ہمیں تشویش ہے۔

(جاری ہے)

مشیراطلاعات نے کہاکہ پنجاب حکومت کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ اگر پرویز الٰہی پر تشدد ثابت ہوگیا تو آپ کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔بیرسٹرڈاکٹر سیف نے کہاکہ مریم نواز کو تشدد کا بین الاقوامی قوانین کے تحت مرتکب ٹھہرائیں گے جس کے تحت جسمانی، ذہنی و جذباتی تشدد جرم ہے، اگر خیبر پختونخوا کی میڈیکل ٹیم کو پرویز الٰہی تک رسائی نہیں دی گئی تو ہم ہر قسم کی قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے سیکیورٹی کا ڈرامہ رچا کر اڈیالہ جیل سمیت پنجاب کے جیلوں میں قیدیوں کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کی ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان، چوہدری پرویز الہی، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری سمیت دیگر رہنما کئی مہینوں سے راولپنڈی آڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات