گورنر سندھ کی رشین فیڈریشن کے قونصل خانہ آمد

واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت ، رشین فیڈریشن کے عوام اور صدر سے بھی اظہار افسوس

اتوار 24 مارچ 2024 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری رشین فیڈریشن کے قونصل خانہ پہنچے، قونصل خانہ میں رکھی تعزیتی کتاب میں سانحہ ماسکو پر اپنے تاثرات درج کئے۔ گورنر سندھ نے قونصل جنرل آندرے فیڈروف سے ماسکو واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو میں دہشت گردوں کی جانب سے معصوم انسانوں کے قتل کی مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی بھی معاشرے کا ناسور ہوتے ہیں، وہ اپنے مذموم مقاصد کے لئے بے گناہ انسانوں کا خون بہانے سے دریغ نہیں کرتے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں ، اور میں رشین فیڈریشن کے عوام اور صدر ولادی میر پیوٹن سے بھی اظہار افسوس کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رشین قونصل جنرل آندرے فیڈروف کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج رشیہ میں ہونے والے حادثے کی مزمت کرنے رشین فیڈریشن کے قونصل خانہ آیا ہوں، پاکستان رشیہ میں ہونے والے حادثے کی مزمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی لوگ اس حادثے کے پیچھے ہیں انہیں سزا ہونی چاہیے، میں اس لیے بھی آیا ہو کیونکہ ہم بھی دہشت گردی کا شکار رہے ہیں۔کامران خان ٹیسوری نے کہاکہ ہم رشیہ کی عوام کا دکھ درد سمجھتے ہیں۔ رشین قونصل جنرل آندرے فیڈروف نے کہا کہ گورنر سندھ کی آمد کا شکر گزار ہوں، آج گورنر سندھ کے یہاں آنے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محسوس ہوا کہ پاکستان کی عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔