پارٹی بنانے کیلئے مشاورت اور رابطے جاری ، 2ماہ کے اندر جماعت سامنے آ جائیگی،شاہدقاخان عباسی

ملک کے معاملات ایک طرف اور سیاست دوسری طرف رہ جائے گی، مجھے حکومت چلتی اور معاملات حل کرتی نظر نہیں آ رہی،سابق وزیراعظم

اتوار 24 مارچ 2024 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) سابق وزیر اعظم و سینئر سیاستدان شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ پارٹی بنانے کیلئے مشاورت اور رابطے جاری ہیں، 2ماہ کے اندر جماعت سامنے آ جائے گی،ملکی معاملات ایک طرف اور سیاست دوسری طرف رہ جائے گی، مجھے حکومت چلتی اور معاملات حل کرتی نظر نہیں آ رہی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نئی پارٹی کی سوچ اور فکر سے متعلق مشاورت جاری ہے، 2ماہ کے اندر جماعت سامنے آ جائے گی،ہم سمجھتے ہیں موجودہ تین بڑی جماعتیں مسائل حل نہیں کر سکتیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ایک نئی سوچ اور نئی پارٹی کی جگہ ہے، سیاسی استحکام کے بغیر ملک کے معاشی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی سوچ ہے الیکشن چوری ہوئے ہمیں حکومت میں ہونا چاہیے تھا، حکومت خود اپنے مینڈیٹ سے خائف اور دکھی نظر آتی ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملک کے معاملات ایک طرف اور سیاست دوسری طرف رہ جائے گی، مجھے حکومت چلتی اور معاملات حل کرتی نظر نہیں آ رہی۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہے بھی اور نہیں بھی ہے یہ ان کی سیاسی کامیابی ہے، حکومتی کارکردگی کا جو نتیجہ نکلے گا اس کا وزن مسلم لیگ (ن)پر ہی پڑے گا۔سینئر سیاستدان نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی ملک کے تمام اہم معاشی فیصلے کرتی ہے،وزیر اعظم کمیٹی میں جائیں تو وہ حالات سے زیادہ آگاہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ای سی سی کی صدارت کرنا وزیر اعظم کیلئے ضروری ہے، اگر کام کرنا چاہیں تو ایک تہائی اکثریت بھی بہت ہے،محنت کریں فیصلے کریں تو پھر آپ کو کوئی نہیں روک سکتا۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اگر فیصلے نہ کریں تو پھر بہانہ بن جاتا ہے کہ کام نہیں کرنے دیا گیا، جسے کام نہیں کرنے دیا جاتا تو اس کو استعفیٰ دے کر گھر چلے جانا چاہیے۔