شہر قائد میں امن قائم نہ ہوا تو عید کے بعد وزیر اعلیٰ ہاوٴس کا گھیراوٴ کریں گے،فاروق ستار

کراچی کو دہشت گردوں، ڈاکووٴں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،بے گناہ لوگوں کی جانوں کے ضیاع کو فوری روکا جائے،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 25 مارچ 2024 16:43

شہر قائد میں امن قائم نہ ہوا تو عید کے بعد وزیر اعلیٰ ہاوٴس کا گھیراوٴ ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مارچ2024 ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماءفاروق ستار نے کہا ہے کہ شہر قائد میں امن قائم نہ ہوا تو عید کے بعد وزیر اعلیٰ ہاوٴس کا گھیراوٴ کریں گے، کراچی کو دہشت گردوں، ڈاکووٴں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،بے گناہ لوگوں کی جانوں کے ضیاع کو فوری روکا جائے۔نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے قتل ہونے والے نوجوان عبدالرحمن کی نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کتنی امید سے ہم بچوں کو بڑا کرتے ہیں، یہ نوجوان تعلیم لے کر محنت کر کے ملک کی خدمت کرنے نکلتے ہیں تو ڈکیتی یا راہزنی کی واردات میں ان کو شہید کردیا جاتا ہے، ہمارا صبر اب اپنی تمام حدود کو پار کر چکا ہے، اب اس کی روک تھام ہونی چاہیے۔

آج ہم ایک اور جوان کی لاش کو دفنانے جا رہے ہیں، آج پورا کراچی سوگوار ہے، ہر آنکھ اشکبار ہے۔

(جاری ہے)

میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اب میرے بچوں کی حفاظت کا انتظام کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ ٹیکس جان و مال کی حفاظت کیلئے دیتے ہیں، ہم پر یہ ٹیکس حرام ہے اگر ہم اسے دیں لیکن ہماری جان و مال، عزت محفوظ نا رہے۔اس وقت یہ جو معاشی اور معاشرتی مسائل ہیں ان پر وفاق اور صوبوں کو مل کر جامع حکمت عملی بنانی ہوگی، رمضان میں لوگ صبر کر رہے ہیں لیکن عید ہمارے لیے تجدید عہد ہے کہ ہم سر اٹھا کے جینا چاہتے ہیں۔

اگر ہماری جانیں اسی طرح جاتی رہیں تو پھر ہم ٹیکس نہیں دیں گے۔کراچی کو دہشتگردوں اور ڈکیتوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے، صوبائی حکومت شہر میں امن امان کے قیام میں ناکام ہو چکی ہے۔ ہمارا صبر اب اپنی تمام حدود کو پار کر چکا ہے، اب اس کی روک تھام ہونی چاہیے، اگر شہر میں امن قائم نہ ہوا تو عید کے بعد وزیر اعلی ہاوٴس کاگھیراوٴ کریں گے۔