ایچ ای سی کے ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان پراجیکٹ کا آٹھویں سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

پیر 25 مارچ 2024 22:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) ایچ ای سی کے ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی)پراجیکٹ نے اپنی آٹھویں سٹیئرنگ کمیٹی (ایس سی) کا اجلاس ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد کیا۔ ایس سی اس منصوبے کا اعلیٰ ترین فورم ہے جس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی اعلیٰ تعلیم کے محکموں، وائس چانسلرز، اور نجی شعبے کے نمائندوں کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

پیر کو ایچ ای سی سے جاری پریس ریلیز کےمطابق ایچ ای ڈی پی اہم اعلیٰ تعلیم کی ترجیحات کو نافذ کرنے کے لئے ایچ ای سی کا 400 ملین امریکی ڈالر کا پانچ سالہ قومی پرچم بردار منصوبہ (20۔2019، 24۔2023)ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ای ڈی پی اعلیٰ تعلیم کے لئے ایک کلیدی سرمایہ کاری ہے کیونکہ یہ ایچ ای سی کی تحقیق، کوالٹی ایشورنس، آئی ٹی کے اقدامات اور صلاحیت کی تعمیر کے مختلف شعبوں میں مدد کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایچ ای ڈی پی اپنے 81 فیصد اہداف کو حاصل کرنے میں اچھی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی توثیق ورلڈ بینک کے حالیہ مشن نے بھی کی ہے جس نے پروجیکٹ کی درجہ بندی کو بہتر کیا ہے۔ پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ایچ ای ڈی پی ڈاکٹر محمود الحسن بٹ نے ایچ ای ڈی پی پراجیکٹ، اس کی تاریخ، پیشرفت، منصوبوں اور حال ہی میں منعقد ہونے والے ورلڈ بینک کے مشن کا ایک جائزہ پیش کیا جس نے پراجیکٹ کی درجہ بندی کو سات اجزاء میں تسلی بخش کر دیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ کمیٹی کو پراجیکٹ کے اہم اقدامات بشمول فزیکل اور مالیاتی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ مزید برآں یہ بتایا گیا کہ یہ منصوبہ اپنے آخری سال کی طرف بڑھ رہا ہے اور ٹیم ایچ ای سی کے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے کیونکہ آخر کار ان اقدامات کو برقرار رکھنے کے لیے ایچ ای سی کے عملے کو ان کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ پراجیکٹ کے اجزاء کے تکنیکی سربراہوں نے ممبران کو پراجیکٹ کے اپنے اجزاء میں سے ہر ایک کی پیشرفت پر اپ ڈیٹ کیا۔