شاہ غلام قادر سے مسلم لیگی وزرا حکومت کرنل(ر) وقار احمد نور، سردار عامر الطاف خان، حافظ احمد رضا قادری ، راجہ محمد صدیق کی ملاقات

پیر 25 مارچ 2024 20:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر سے مسلم لیگی وزرا حکومت کرنل(ر) وقار احمد نور، سردار عامر الطاف خان، حافظ احمد رضا قادری اور راجہ محمد صدیق نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزراحکومت نے صدر جماعت شاہ غلام قادر سے حکومتی اور پارٹی ا مور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزرائے حکومت نے قائد پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد شہبازشریف اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر شاہ غلام قادر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی حالیہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے موقف اختیار کیا کہ وہ پارٹی پالیسی کے تحت موجودہ حکومت کا حصہ ہیں اور جو بھی پارٹی پالیسی ہو گی اس پر عمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)آزادجموں وکشمیر شاہ غلام قادر نے انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر کے دروازے مسلم لیگی کارکنوں کے لیے کھولیں اور کارکنوں کے مسائل کے حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔شاہ غلام قادر نے کہا کہ ہم اس حکومت میں ایک چھوٹے پارٹنر کے طور پر شریک ہیں ،اس لیے حکومت کی ترجمانی کے فرائض وزیر اعظم کی ٹیم کو ادا کرنا چاہیے اورمسلم لیگی وزرا حکومت جماعتی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعت کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں اورآزادکشمیر کی تعمیروترقی اور تحریک آزادی کشمیر کے فروغ کیلئے اپنی توجہ مرکوز کریں۔

صدر جماعت شاہ غلام قادر نے واضع کیا کہ پارٹی پالیسی دینا صدر جماعت کی ذمہ داری ہے اورکسی اور کو پارٹی پالیسی بیان جاری کرنے کا حق و اختیار حاصل نہ ہے،ایک دوسرے کی عز ت اور تکریم کا خیال رکھنا ہماری مذہبی و اخلاقی اور سیاسی روایات ہیں اور ہم سب پر لازم ہے کہ اس پر کاربند رہیں۔