پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن کا استعفا منظور کرلیا گیا

یکم اپریل سے کالج چھوڑنے کا فیصلہ پرنسپل کا اپنا ہے، رکارڈ کے مطابق پرنسپل فروری2024 سے تادیبی کاروائی کا سامنا کررہے ہیں، ذرائع گورنر ہاؤس پنجاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 مارچ 2024 20:19

پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن کا استعفا منظور کرلیا گیا
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مارچ 2024ء) ذرائع گورنر ہاؤس پنجاب کا کہنا ہے کہ پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن کا استعفا منظور کرلیا گیا ، یکم اپریل سے کالج چھوڑنے کا فیصلہ پرنسپل کا اپنا ہے۔ جیونیوز کے مطابق ذرائع گورنر ہاؤس کا کہنا ہے کہ فیس معافی کیلئے گورنر پنجاب کا فیصلہ کالج کے مروجہ قانون کے مطابق ہے، نشر اطلاعات گورنر کے جاری کردہ فیصلے کے سیاق واسباق کے منافی ہیں، فیصلے کا اطلاق کسی مجبوری سے کچھ عرصے کیلئے دوسرے شہر منتقل ہونے والے والدین پر ہوگا، یہ فیصلہ سازی کسی بھی طالب علم کے اسکول چھوڑنے کے بعد فیس نہ لینے کیلئے کی گئی ہے۔

کالج پرنسپل نے پچھلے سال ہی گورنر پنجاب کو نجی معاملات پر یکم اگست 2024سے استعفا پیش کیا۔پرنسپل ایچی سن کالج کا استعفا منظور کرلیا گیا ہے، یکم اپریل سے کالج چھوڑنے کا فیصلہ پرنسپل کا اپنا ہے، پرنسپل کی طرف سے اسٹاف کو جاری خط میں ناشائستہ زبان اور غلط بیانی سے کام لیا گیا۔

(جاری ہے)

ریکارڈ کے مطابق پرنسپل فروری 2024 سے تادیبی کاروائی کا سامنا کررہے ہیں، ایچی سن کالج کے معاملات بورڈ آف گورنرز کے ذریعے چلائے جاتے ہیں ، ادارہ ایک فرد واحد کی خواہشات کے تابع نہیں۔

مزید برآں میڈیا کے مطابق پرنسپل ایچی سن کالج کے گورنرہاؤس سیکرٹریٹ کو بھیجے گئے خط کے متن میں کہا گیا کہ 8برس میں کسی بچے کے والدین نے طویل رخصت کی پالیسی پر اعتراض نہیں کیا ، ماضی میں پالیسی کے تحت طویل رخصت کی فیس لینے کے بعد بچوں کے داخلے بحال کئے گئے۔ طویل رخصت کے معاملے کو بورڈ آف گورنرز اجلاس میں رکھنے کیلئے تین خط لکھے گئے۔

فیس کے بغیر بچوں کو داخلہ دینا کالج پالیسی کی سراسر خلاف ورزی تھی۔ دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کے استعفے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انکوائریز سے بچنے کیلئے پرنسپل ایچی سن کالج نے یہ حربہ اپنایا ہے، مائیکل تھامسن ایک سال میں 100 سے زائد چھٹیاں کرتے تھے۔ پرنسپل ایچی سن کالج دو مرتبہ استعفے کی درخواست دے چکے تھے، بورڈ نے نئے پرنسپل کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا، تاہم اگست 2024 میں پرنسپل کا استعفیٰ قابل عمل ہو جانا تھا۔

اگلے مہینے ایچی سن کالج کے نئے پرنسپل کی تعیناتی فائنل کر لی گئی ہے۔ گورنرپنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کی 40لاکھ تنخواہ لینے کا آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے۔ احد چیمہ کے بچے ایچی سن میں نہیں جا پا رہے تھے توان پر جرمانوں کا جواز نہیں بنتا تھا۔بطور گورنر پنجاب احد چیمہ کی درخواست کو قانونی طریقوں پر پورا اترنے پر منظور کیا ہے۔

احد چیمہ اور ان کے بچوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ ملازمت کی وجہ سے ایک سال سے اسلام آباد میں تعینات تھے، احد چیمہ کے بچے ایچی سن میں نہیں جا پارہے تھے اور جو کلاسز ان بچوں نے نہیں لی تھیں ان کی فیس معاف کرانے کی درخواست دی تھی۔یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں واقع معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر کے بچوں کے جرمانہ معافی کے معاملے پر اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔