فیصل واوڈا نے تاحال سینیٹ الیکشن میں حمایت کا تقاضہ نہیں کیا، خالد مقبول

فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن میں تجویز اور تائند کنندہ دینے سے متحدہ کا اصولی موقف متاثر نہیں ہوا ،سربراہ ایم کیوایم پاکستان

پیر 25 مارچ 2024 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے تاحال سینیٹ الیکشن میں حمایت کا تقاضہ نہیں کیا، فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن میں تجویز اور تائند کنندہ دینے سے متحدہ کا اصولی موقف متاثر نہیں ہوا۔میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن میں تجویز اور تائند کنندہ دینے سے متحدہ کا اصولی موقف متاثر نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا نے تاحال سینیٹ الیکشن میں حمایت کا تقاضہ نہیں کیا، جب تقاضا کریں گے تو دیکھیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ متحدہ نے وزارتوں اور گورنرشپ کے لیے کوئی مطالبہ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ کے پاس وزارتوں کے لئے نہیں گئے تھے، ن لیگ نے حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی، ایم کیو ایم کا مکمل مینڈیٹ واپس نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لئے کابینہ کا حصہ بنے، جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے ایم کیو ایم جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ اگر وزیراعلی سندھ کے دیہی علاقے کا ہے تو گورنر شہری علاقے کا ہونا چاہیے بلکہ وہ تو کہتے ہیں موجودہ گورنر ہی ان کے گورنر ہیں۔ایم کیو ایم سربراہ نے کہا کہ برین ڈرین روکنے کیلیے برین ٹریننگ کرنا ہوگی، ہم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں بھی دانش اسکول کھولے جائیں، انٹر پاس نوجوانوں کو انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کروائیں گے۔