سیکورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیا گیا، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد برآمدہوا،آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 26 مارچ 2024 10:18

سیکورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مارچ2024 ء) سیکورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد مصطفیٰ، قسمت اللہ اور اسلام الدین سمیت چار دہشتگرد مارے گئے۔

ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف بہت سی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گرد شہریوں کو مارنے میں بھی ملوث تھے۔ مقامی شہریوں نے آپریشن کا خیر مقدم کیا، علاقے میں سینسیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ دہشت گرد کا خاتمہ کیا جاسکے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے اس سے قبل گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر حملہ کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے بروقت کارروائی سے تمام8دہشت گرد ہلاک کردئیے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاتھاکہ سیکیورٹی فورسز نے گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر حملہ کامیابی سے ناکام بنایاتھااور بروقت کارروائی سے تمام 8 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکاخیزمواد برآمد کیا گیا تھا۔آئی آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 2اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ڈیرہ غازی خان ضلع کے رہائشی 35 سالہ سپاہی بہار خان اور ضلع خیرپور کے رہائشی 28 سالہ سپاہی عمران علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاتھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔