وفاقی اردو یونیورسٹی میں روسی زبان سکھائی جائے گی

وفاقی اردو یونیورسٹی میں روسی زبان سکھانے کے مرکز کا افتتاح کردیا گیا،مرکز میں روسی اساتذہ بلا معاوضہ روسی زبان سکھائیں گے

منگل 26 مارچ 2024 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) وفاقی اردو یونیورسٹی میں گزشتہ روز روسی زبان سکھانے کے مرکز کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کا آغاز پاکستان اور روس کے قومی ترانوں سے ہوا۔ تقریب میں شیخ الجامعہ پروفیسر ضابطہ خان شنواری قونصل جنرل رشین فیڈریشن آندرے وکٹوروچ فیدروف، کیماڑی سے رکن صوبائی اسمبلی آصف خان، آئی آر کے چیئرمین پروفیسر اضغر دستی، فیصل ایدھی، نائب قونصل جنرل رسلان ایم پروخروف، فیصل جاوید اور دیگر نے شرکت کی۔

یہ مرکز 70 لاکھ روپے لاگت سے شعبہ بین الاقوامی تعلقات وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت روسی مرکز برائے سائنس وثقافت (ایوانِ دوستی)روسی حکومت کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ اس مرکز میں روسی اساتذہ بلا معاوضہ روسی زبان سکھائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں روسی مرکز ثقافت کے تعاون سے 3 سینٹر بنانے جا رہے ہیں اور سندھ میں واحد مرکز وفاقی اردو یونیورسٹی میں قائم کیاگیا ہے ، جو شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے ایک کلاس روم میں بنایا گیا ہے۔

اس مقصد کے لیے روسی بڑھئی نے روسی طرز کاجدید اور خوبصورت کلاس روم تیار کیا ہے۔ رشین فیڈریشن آندرے وکٹوروچ فیدروف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس میں دہشت گردی کرکے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس موقع پر دہشتگردی گردی کا نشانہ بننے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں روسی زبان سکھانے کا مرکز قائم کردیا گیا ہے جب کہ لاہور میں آئندہ ماہ روسی زبان سکھانے کا مرکز کام شروع کردے گا۔

روسی زبان سیکھنے کی وجہ سے پاکستانی طالب علم روس کی جامعات میں اسکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات وفاقی اردو یونیورسٹی اور رشین کلچر سینٹر کے درمیان 25جنوری 2023کو معاہدہ کیا گیا تھا ۔اس معاہدے کے تحت اب تک شعبہ ہذا کے 6 طالبعلم اسکالر شپ حاصل کر چکے ہیں جب کہ ہر سال 10طالبعلم اعلی تعلیم کے لیے اسکالر شپ پر روس جائیں گے اور روسی جامعات میں داخلہ لے سکیں گے۔