سندھ میں بڑوں کے بعد بچے بھی اغوا ہونا شروع ہو گئے،ڈاکوئوں نے تاوان نہ ملنے پر بچے کو قتل کرنے کی دھمکی دے دی

منگل 26 مارچ 2024 16:45

شکارپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) سندھ میں بڑوں کے بعد بچے بھی اغوا ہونا شروع ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے تاوان نہ ملنے پر بچے کو قتل کرنے کی دھمکی دے دی۔سندھ میں کچے کے ڈاکوئوں کو پولیس لگام ڈالنے میں ناکام رہی۔ ڈاکوئوں نے شکارپور کے علاقے تھانہ الف شاہ شہید کی حدود سے 2 روز قبل 7 سالہ بچے کو اغوا کر لیا۔بچے کے لاپتہ ہونے کے بعد پولیس سے رجوع کیا جبکہ ڈاکوئوں کی جانب سے فون کرکے ورثا سے 50 لاکھ تاوان طلب کیا گیا اور تاوان نہ دینے پر بچے کو مارنے کی دھمکی دے دی۔

(جاری ہے)

ورثا نے کہا کہ ہم لوگ غریب ہیں اور تاوان کی ادائیگی کے پیسے نہیں ہیں۔ وزیر اعلی اور آئی جی سندھ مغوی بچے کی بازیابی کے لیے کوششیں کریں۔بچے کے اغوا کے خلاف شہریوں اور جئے سندھ محاذ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔مظاہرین نے کہاکہ شہر بھر میں ڈاکوئوں کا راج ہے اور قانون کہیں نظر نہیں آ رہا، پہلے تو ڈاکو بڑوں کو اغوا کیا کرتے تھے لیکن اب بچے بھی محفوظ نہیں ہیں۔مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اعلی حکام شہر میں جاری بدامنی کا فوری نوٹس لیں۔دوسری جانب پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات میں کہا کہ کوشش کر رہے ہیں بچے کو جلد بازیاب کروایا جائے۔