Live Updates

ز*کے پی کے میں جلد قیدی 804 کی رہائی کے عنوان سے جلسہ ہو گا ، بیرسٹر گوہر

پنجاب میں ہمارے پارلیمانی لیڈر کے لئے میاں اسلم ، سینٹ کے لئے راجہ ناصر عباس اور زلفی بخاری امیدوار ہوں گے ، میڈیا سے گفتگو

منگل 26 مارچ 2024 18:40

ؒ راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کیلیے خیبرپختونخوا میں جلد بڑا جلسہ ہوگا۔جس کا عنوان ہو گا قیدی 804 کی رہائی،پنجاب میں ہمارا پارلیمانی لیڈر میاں اسلم ہوں گے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جلد کے پی کے میں بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں ۔

جلسے کا عنوان ہوگا قیدی 804 کی رہائی، اس جلسے کی تاریخ کا اعلان بھی چند دنوں میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی، پنجاب میں ہمارا پارلیمانی لیڈر میاں اسلم ہوں گے، سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے بھی خان صاحب سے گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے امیدوار زلفی بخاری ہیں لیکن اگر کوئی قانونی مسئلہ آیا تو پھر علامہ ناصر عباس کو امیدوار بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر ہمارے امیدوار اعظم سواتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا میرا جینا مرنا اس ملک کے لیے ہے، ڈونلڈ لو کے بیان پر بھی خان صاحب کے ساتھ بات چیت ہوئی، ڈونلڈ لو نے ایسا ظاہر کیا کہ جیسے نا کوئی میٹنگ ہوئی اور نا ہی اس میٹنگ میں انہوں نے وہ مواد بتایا جو اسد مجید نے سائفر میں لکھ کے پاکستان بھیجا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ اسد مجید دوبارہ اپنا بیان دے، وہ میڈیا پر آکر بیان دے تاکہ سب کو پتا چلے کہ الفاظ کیا تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا دالا گیا پر ہم نے احتجاج نہیں کیے نا ہی استعفی دیے، جہاں تک عمران خان کی زندگی کا سوال ہے تو یہ باعث تشویش ہے، رانا ثنا نے ڈھٹائی سے کہا کہ اس بندے کو ختم ہونا چاہیے، پہلے بھی انہوں نے کہا تھا کہ یا تو آپ رہیں گے یا ہم۔ ہم رانا ثنا اللہ کے بیان کو سنجیدہ لیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کے بیان کو سنجیدہ لیا جائے انھیں کھانے میں کچھ ملا کے دیا گیا ہے بی بی جھوٹ نہیں بول رہی ہیں ۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات