الیکشن کمیشن کا حلقہ این اے 255 ٹھٹھہ میں (ن )لیگی امیدوار کے ڈی ایم او پر حملے سے متعلق فیصلہ محفوظ

منگل 26 مارچ 2024 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 255 ٹھٹھہ میں (ن )لیگی امیدوار کے ڈی ایم او پر حملے سے متعلق الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔الیکشن کمیشن حکام نے موقف اختیار کیا کہ (ن )لیگی امیدوار رسول بخش جھاکڑو کو ڈی ایم او نے روڈ پر کیمپ لگانے سے روکا تو اس پر حملہ کردیا گیا،رسول بخش جھاکڑو کے خلاف ڈی ایم او پر حملے کے الزام میں ایف آئی آر درج کرانے کی اجازت دی جائے ۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن عملے پر حملہ سنگین معاملہ ہے، اس پر سخت کارروائی کرسکتے ہیں،صرف ایف آئی آر درج کرانے سے ایسے واقعات کو نہیں روکا جاسکتا۔ وکیل رسول بخش جھاکڑو نے موقف اپنایا کہ جن افراد نے ڈی ایم او پر حملہ کیا ان سے رسول بخش جھاکڑو کا کوئی تعلق نہیں، ڈی جی مانیٹرنگ ہارون شنواری نے دلائل دیئے کہ ڈی ایس پی کی انکوائری رپورٹ میں (ن )لیگ کے امیدوار رسول بخش جھاکڑو قصور وار ہیں۔

(جاری ہے)

کورٹ روم میں ڈی ایم او پر حملے کی فوٹیج چلائی گئی۔ وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ذاتی حیثیت میں ڈی ایم او سے معافی مانگنے کیلئے تیار ہوں۔ ممبر پنجاب نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ جیت جاتے تو آپ نے سارے سندھ کو ایسے ہی مارنا تھا الیکشن کمیشن نے این اے 255 ٹھٹھہ میں ڈی ایم او پر تشدد کرنے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔