ایم کیوایم کا سینیٹ انتخابات میں آزاد امیدوار فیصل واوڈا کی حمایت کرنے کا فیصلہ

بدھ 27 مارچ 2024 14:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) ایم کیو ایم پاکستان نے آزاد حثیت سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے فیصل واڈا کی حمایت کا فیصلہ کر لیاجبکہ ایم کیو ایم کے عامر ولی چشتی نے سینیٹ کے لیے پارٹی ٹکٹ جمع کرادیاہے۔سینیٹ انتخابات میں کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن مجموعی طور پر10 سے زائد امیدوران نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے پیپلز پارٹی کے مجموعی طورپراب تک 6امیدوار دستبردار ہوچکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عاجزدھامرا،مسرت نیازی،گہنوراسران نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیئے۔جاوید نایاب لغاری،سریندرولاسائی اور ڈاکٹرکریم خواجہ بھی الیکشن سے قبل دستبردار ہوگئے۔ ایم کیو ایم کے راہنما شبیر قائم خانی نے کہاکہ فیصل واڈا کی حمایت کے بارے پارٹی کا درست فیصلہ ہے ہم نے ووٹ ضائع کرنے کے بجائے فیصل واڈا کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے امید ہے کہ فیصل واڈا نے ایم کیو ایم سے وعدہ کیے ہیں وہ پورا کرے گے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی ایڈہاک کمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد سینیٹ انتخابات کے لیے سندھ کی جنرل نشست پر عامر چشتی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ جبکہ فیصل واڈا کو بطور آزاد امیدوار سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان جنرل نشست پر ایک سیٹ با آسانی جیت سکتی ہے جبکہ فیصل واوڈا کی بطور آزاد امیدوار کامیابی کے لیے ایم کیو ایم کے ساتھ دیگر پارٹی کے ووٹ کی ضرورت بھی ہو گی۔سینیٹ میں ایم کیو ایم کے نامزد امیدوار عامر چشتی کی تعلیم، فنانس اور توانائی کے شعبے میں گراں قدر خدمات ہیں۔