وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی ملاقات

وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی اور مجموعی سیکورٹی صورتحال سمیت دیگراہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 27 مارچ 2024 15:35

وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی ملاقات
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی،دونوں رہنماﺅں کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی،وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والی ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات میں افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ امور اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قبل ازیں وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیر صدارت سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزرا سمیت سیکیورٹی ایجنسیز کے سربراہان، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے چینی باشندوں کی سکیورٹی فل پروف بنانے کی ہدایت کردی۔اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق امور پر غوراور سکیورٹی آڈٹ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف کو وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز ہونے والے بشام واقعہ پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیاگیا، اجلاس میں سکیورٹی آڈٹ بھی کیاگیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 چینی باشندے اور گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق ہو گئے تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چینی سفارتخانے جاکر تعزیت کا اظہار کیا تھا اور آج ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر کے سکیورٹی پر ہنگامی اجلاس آج طلب کیا تھا۔