گزشتہ تین روز میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار800 روپے بڑا اضافہ ہوگیا

آج فی تولہ قیمت میں 2750 روپے کا اضافہ، نئی قیمت 2 لاکھ 31 ہزار روپے ہوگئی، دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1285 روپے کا اضافہ ہوا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 مارچ 2024 18:27

گزشتہ تین روز میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار800 روپے بڑا اضافہ ہوگیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 مارچ 2024ء) ملک میں سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی فی تولہ قیمت آج پھر بڑھ گئی ہے، گزشتہ تین روز میں سونے کی قیمت میں 2 ہزار800 روپے اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ 
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار500 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 31 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار285 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 98 ہزار 45 روپے ہوچکی ہے۔ یاد رہے عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 14 ڈالر اضافے کے بعد 2214 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 86 روپے کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح اس سے ایک روز قبل فی تولہ سونے کی قیمت میں 1200 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 1029 روپے کا اضافہ ہوا۔

دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 4.99 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، واضح رہے کہ فروری کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق اپریل کے بلوں میں وگا، من وعن اضافہ کیا گیا تو صارفین پر سیلز ٹیکس سمیت 40 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا. بجلی مہنگی کرنے کی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر چیئرمین نیپرا وسیم مختارکی سربراہی میں سماعت ہوئی، سی پی پی اے نے اضافہ فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا ہے سی پی پی اے نے بتایا کہ فروری میں بجلی کی طلب 12.2 فیصد کم رہی۔