دہشتگردوں کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرناہے، پیر ارشدکاظمی

جمعرات 28 مارچ 2024 21:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشدعلی شاہ کاظمی القادری نے شانگلہ بشام دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں آنے والے غیر ملکی ماہرین، کارکن اور شہری پاکستان کی ذمہ داری ہیں ان کی حفاظت یقینی بنانے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے۔ بشام کے مقام پر رونما ہونے والا واقعہ دیکھا جائے تو اس میں کوئی شبہ نہیں رہتا کہ دہشت گرد حملوں میں جو گروپ ملوث ہیں اور ان کی پشت پر جو منصوبہ ساز بیٹھے ہیں ان کا ہدف صرف پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرناہے۔

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور پاکستان کے متعدد تعمیراتی منصوبوں میں اس کا بڑا کردار ہے۔

(جاری ہے)

شاہراہ قراقرم پاک چین دوستی کی نمایاں مثال ہے جبکہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں سمیت متعدد مقامات پر نظر آنے والے تعمیراتی کام پاک چینی دوستی کے آئینہ دار ہیں، ان تعلقات کو زک پہنچانے کی عرصے سے کوششیں کی جارہی ہیں مگر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبہ پر جب سے کام شروع ہوا، صورتحال دشمنان وطن سے ہضم نہیں ہو رہی ہے۔

اسی علاقے میں 2021ء میں بھی ایک بس کے اندر ہونے والے دھماکے میں 9چینی شہری ہلاک ہوئے تھے۔ دہشت گرد عناصر جس طرح پاکستانی منصوبوں میں چین کے اشتراک و تعاون کو طے شدہ انداز میں نشانہ بنارہے ہیں اس سے وہ ابہام دور ہو جانا چاہئے جو دہشت گردی کے مختلف جواز سامنے لا کر پیدا کیا جاتا رہا۔انہوں نے کہاکہ یہ سارا معاملہ پاکستان دشمنی کا ہے اور پاک چین دوستی کا مظہر بڑا گیم چینجر منصوبہ ’’سی پیک‘‘ ہے جس میں رکاوٹیں ڈالنے کی پاکستان دشمن قوتوں کی طرف سے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں منگل کی دوپہر چینی انجینئرز پر جو دہشت گرد حملہ کیا گیا اس کے پیچھے نظر آنے والا پاکستان دشمنی کا کھیل اس بات کا متقاضی ہے کہ ملک میں سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کئے جائیں، حملوں میں ملوث گروپوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر یہ پیغام عام کیا جائے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے مرتکب افراد سزا سے بچ نہیں سکیں گے، انٹلیجنس نظام کو اتنا فعال و موثر بنایا جائے کہ حملوں سے پہلے ہی منصوبہ سازوں کو گرفت میں کرلیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ضلع شانگلہ میں منگل کی دوپہر رونما ہونے والے واقعہ سے ظاہر ہے کہ چینی انجینئر داسو کوہستان کے مقام پر ایک بڑا ڈیم تعمیر کر رہے ہیں۔ ان کا قافلہ سیکورٹی فورسز کی پانچ گاڑیوں کی حفاظت میں اپنے کیمپوں کی طرف جارہا تھا کہ شاہراہ قراقرم پر بشام لاہور نالے کے مقام پر پر خود کش حملے کا نشانہ بن گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔

پاک فوج دہشت گردی کو ہر قیمت پر ختم کرنے لئے اقدامات بروئے کار لائے۔ پاکستان دشمن قوتیں اپنی شرارتوں پر تلی ہوئی ہیں،ہماری سیکورٹی فورسز بلاشبہ مستعد ہیں مگر دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں متقاضی ہیں کہ اس باب میں انتظامات مزید موثر بنائے جائیںاور ضروری ہو تو دہشت گردی کے پس پردہ ہاتھوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔