سینیٹ انتخابات، پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ اسٹیشن میں تبدیل کر دیا گیا

سپیکر پنجاب اسمبلی نے حاصل اختیارات کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا، 2 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں خواتین، اقلیت اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سینیٹ انتخابات ہوں گے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 13:23

سینیٹ انتخابات، پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ اسٹیشن میں تبدیل کر ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) سینیٹ انتخابات کیلئے پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ اسٹیشن میں تبدیل کر دیا گیا،سپیکر پنجاب اسمبلی نے حاصل اختیارات کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے پنجاب اسمبلی کا ایوان پولنگ اسٹیشن ہوگا۔ 2 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں خواتین، اقلیت اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سینیٹ انتخابات ہوں گے جس کیلئے صبح 9 سے شام 4 بجے تک پولنگ ہوگی۔

دریں اثناءسینیٹ انتخابات کیلئے تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں ، سینیٹ انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام جاری ہے۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ 2اپریل کوہونے والے سینیٹ انتخابات کیلئے چار رنگوں کے بیلٹ پپیرز چھاپے جا رہے ہیں، سینیٹ کی جنرل نشستوں کے لیے سفید رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال ہوگاجبکہ ٹیکنو کریٹ کی نشست کیلئے سبز رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے گلابی رنگ اور اقلیتی نشستوں کیلئے پیلےرنگ کا بیلٹ پپیرز استعمال کیا جائے گا۔اسلام آباد اور کراچی کی پرینٹگ پریسز میں بیلٹ پپیرز کی چھپائی جاری ہے،سینیٹ انتخابات کیلئے دو کالمی بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں۔یاد رہے کہ سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات 2 اپریل کو شیڈول ہیں جس کیلئے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوگی۔

سینیٹ انتخابات میں سندھ اور پنجاب کی 12،12 نشستوں جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی11،11 اور اسلام آباد کی 2 سیٹوں پر الیکشن ہوں گے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی تھی۔اسلام آباد سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے اسحاق ڈار، جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے رانا محمود الحسن میدان اورتحریک انصاف کے حمایت یافتہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر انصر محمود اور جنرل نشست پر فرزند حسین شاہ میدان میں ہیں۔

اسی طرح سندھ سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر 20 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔پنجاب میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ منتخب ہونے والے امیدواروں کا باقاعدہ اعلان کردیا گیاجبکہ خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر 26 امیدوار مدمقابل ہیں، 7 جنرل نشستوں پر 16، ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر6، خواتین کی 2 نشستوں پر 4 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔