عمران ریاض کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے نیب سمیت دیگر کو نوٹسز جاری

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے عمران ریاض کی درخواست پر سماعت کی، مقدمات اور انکوائریز کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا جارہا عدالت متعلقہ حکام سے درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے،درخواست گزار

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 16:24

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے نیب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا،جسٹس شہرام سرور چوہدری نے عمران ریاض کی درخواست پر سماعت کی ، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے عمران ریاض کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات لینے کیلئے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کئے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران ریاض پر درج مقدمات اور انکوائریز کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا جارہا چنانچہ عدالت متعلقہ حکام سے درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔ گزشتہ سماعت پر لاہور ہائی کورٹ نے صحافی عمران ریاض کے خلاف درج مقدمات، انکوائریوں کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن سے حتمی رپورٹ طلب کی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اعلیٰ ترین عدلیہ اور ججز کے خلاف نفرت انگیز مہم کے الزام میں تحقیقات کاآغاز کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے یوٹیوبر اسد طور اور صحافی عمران ریاض کو 22فروری کوطلب کیا تھا۔اس سے اگلے روز عمران ریاض کو 22 اور 23 فروری کی درمیانی شب گھر سے گرفتار کیا گیاتھااور 23 فروری کو لاہور کی ضلع کچہری نے کرپشن کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صحافی عمران ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھاجبکہ یکم مارچ کو لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے تھرابی جھیل کا ٹھیکہ اونے پونے داموں لینے کے کیس میں صحافی عمران ریاض خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

اسی روز لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے باہر جلاوٴ گھیراوٴ کے مقدمے میں صحافی عمران ریاض کا 5 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔