Live Updates

وزیراعلی مریم نوازنے محمد نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری دیدی ،5 لاکھ کاشتکارو ں کو آسان شرائط پر 150 ارب کا قرضہ دیا جائیگا

جمعہ 29 مارچ 2024 17:04

وزیراعلی مریم نوازنے محمد نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری دیدی ،5 لاکھ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے محمد نواز شریف کسان کارڈ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت دوسرے روز بھی پنجاب میں زرعی اصلاحات کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کسان کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ چھوٹے کاشتکارو ں کو آسان شرائط پر ایک سال میں 150 ارب روپے کا قرضہ دیا جائے گا۔

بہترین بیج،کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری کیلئے کاشتکاروں کو 30 ہزار روپے فی ایکڑ زرعی قرض دیا جائے گا۔نوازشریف کسان کارڈ کے ذریعے مختلف اقسام کی سبسڈی بھی دی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں نجی شعبے کے اشتراک سے ماڈل ایگریکلچر سنٹرز بنائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ماڈل ایگریکلچر سنٹرز پر جدید زرعی مشینری، ٹریننگ،کیڑے مار ادویات،بیج فراہم کئے جائیں گے اور زرعی نمائشی پلاٹ بنائے جائیں گے۔

وزیر اعلی مریم نواز نے پہلے فیز میں ہر ضلع میں ایک ماڈل ایگریکلچر سنٹر بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔ماڈل ایگریکلچر سنٹر بننے سے کاشتکاروں کو جعلی کھاد،ادویات سے چھٹکارا ملے گا۔وزیراعلی پنجاب نے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کو ہر فصل کی پیداوار اور ڈیمانڈ کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں کاٹن،گندم اور چاول کی فصل پر ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر آف ایکسیلینس بنانے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سنٹر آف ایکسی لینس کے انتظامی امور بورڈ کے ذریعے کنٹرول کرنے،ریسرچ سنٹر کو ریجنل یونیورسٹیز سے لنک کرنے اور چین کے تعاون سے ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 ارب روپے کی لاگت سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔پاک چائنہ آر اینڈ ڈی سنٹر میں جینوم سنٹر،جرم پلازم ریسورس،سپیڈ بریڈنگ اور کلائیمنٹ چینج پر ریسرچ کی سہولت ہو گی۔

جعلی زرعی ادویات اور کھاد کی فروخت روکنے کیلئے ایگریکلچر پیسٹی سائیڈ ایکٹ اور فرٹیلائزرز کنٹرول ایکٹ میں ترامیم کی جائیں گی۔اجلاس میں پنجاب سیڈ کارپوریشن اور پنجاب ایگری ریسرچ بورڈ کی تشکیل نو کا جائزہ لیا گیا۔زرعی زمین کو رہائشی مقاصد کے استعمال کو روکنے کیلئے قانون لانے کی تجویز بھی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایگریکلچرل ایکسٹنشن ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور500 ایگریکلچر گریجوایٹس کی بھرتی پر اتفاق کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسانوں کو دو سال میں7 ارب روپے کی لاگت سے24800 جدید ترین زرعی آلات دیئے جائیں گے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،وزیر زراعت محمد عاشق حسین،پرویز رشید،سعود مجید، چیف سیکرٹری سیکرٹریز زراعت، خزانہ، صدر بنک آف پنجاب اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات