لاہورہائیکورٹ،عون چودھری کی این اے 128 سے کامیابی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم

جمعہ 29 مارچ 2024 17:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری کی این اے 128 سے کامیابی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر اعتراض عائد کیا گیاتھا، عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

جسٹس فیصل زمان خان نے این اے 128 سے آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی ۔ دوران سماعت جسٹس فیصل زمان خان نے رجسٹرار آفس کو درخواست جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پہلے اسی نوعیت کی درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی نے سماعت کی تھی، بہتر ہوگا اس درخواست پر بھی فاضل جج ہی سماعت کریں۔