کراچی میں تاریخی عالمی مشاعرہ 20اپریل کو منعقد ہو گاجس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں ،محمود احمد خان

کراچی میں ساکنان شہر قائد کے زیر اہتمام ہونے والا عالمی مشاعرہ فن و ثقافت کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا،چیف آرگنائزرساکنان قائد شہر

جمعہ 29 مارچ 2024 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) ساکنان شہر قائد عالمی مشاعرہ کے چیف آرگنائز ر محمود احمد خان نے کہا ہے کہ کراچی میں ساکنان شہر قائد کے زیر اہتمام ہونے والا عالمی مشاعرہ فن و ثقافت کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا جس میں اسلام آباد ،لاہور، بہاولپور، ایبٹ آ باد، گوادر اور آزاد کشمیر کے علاوہ امریکا، برطانیہ، جرمنی کینیڈا، بحرین اور قطرسمیت کئی ممالک سے نامور شعرا شرکت کریں گے۔

وہ جمعہ کو ساکنان شہر قائد کے مرکزی دفتر میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ مشاعرہ کمیٹی کے ارکان خالد جمیل شمسی، ندیم ظفر صدیقی، توقیر اے خان، ڈاکٹر شبیر آرائیں اور جمال اظہر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں تاریخی عالمی مشاعرہ 20اپریل 2024کو منعقد ہو گاجس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں اور اندورن و بیرون ملک بیشتر شعرا کو دعوت بھی دی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مشاعرہ میں اسلام آباد، لاہور، حیدرآباد، ملتان، بہاولپور، ایبٹ آ باد، پشاور، گوادر اور آزاد کشمیر کے علاوہ بیرون ملک امریکا، برطانیہ، جرمنی کینیڈا، عرب امارات، بحرین اور قطر سمیت کئی ممالک سے نامور شعرا کی شرکت متوقع ہے۔ محمود احمد خان نے کہاکہ شہر قائد کراچی فن و ثقافت کی رنگارنگ تقریبات کے حوالے سے ملک کے اہم ترین مرکز کی شکل اختیار کر چکا ہے جبکہ ساکنان شہر قائد عالمی مشاعرہ کی اہمیت بھی مسلمہ ہو چکی ہے اور اس کی کامیابیوں سے کراچی کا مثبت چہرہ اجاگر ہو ا ہے۔

کراچی کے شہری سارا سال اس عالمی مشاعرہ کا انتظار کرتے ہیں جس میں ان کی ملاقات ان کے پسندیدہ شاعروں اور ادیبوں سے ہو جاتی ہے۔ محمود احمد خان نے کہا کہ عالمی مشاعرہ کے حوالے سے ہمارے کراچی کی انتظامیہ سے بھی رابطے ہیں، خاص طور پر کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت سے ہماری ملاقات ہوئی ہے اور انہوں نے اس عالمی مشاعرہ کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔