Live Updates

کسان کارڈ پر نوازشریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

قومی خزانے کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے، کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے پر آنے والے اخراجات نواز شریف سے وصول کیے جائیں۔ شہری کی استدعا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 مارچ 2024 10:44

کسان کارڈ پر نوازشریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2024ء ) کسان کارڈ پر نوازشریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کسان کارڈ پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے درخواست شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے، درخواست میں وزیر اعلی پنجاب، پنجاب حکومت اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو فریق بنایا گیا گیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنی جماعت کے قائد نواز شریف کی تصویر کے ساتھ کسان کارڈ کی منظوری دی ہے، پبلک فنڈز ذاتی تشیر کے لیے استعمال نہیں ہو سکتے، اس لیے کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، قومی خزانے کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

شہری نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پنجاب حکومت کو نواز شریف کی تصویر والے کسان کارڈ جاری کرنے سے روکے، کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے پر آنے والے اخراجات نواز شریف سے وصول کیے جائیں، لاہور ہائیکورٹ درخواست کے حتمی فیصلے تک کسان کارڈ کی پرنٹنگ روکنے کا حکم دے۔ بتایا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "نوازشریف کسان کارڈ" کی منظوری دی ہے، کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ، کپاس، گندم اور چاول کی فصل پر ریسرچ اورترقی کیلئے سنٹر آف ایکسیلنس بنانے کی بھی منظوری دے دی گئی، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت زرعی اصلاحات سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب سیڈ کارپوریشن اور پنجاب ایگری ریسرچ بورڈ کی تشکیل نو اور زرعی زمین کا رہائشی مقاصد کے طور پر استعمال روکنے کیلئے قانون لانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ چھوٹے کاشتکاروں کو آسان شرائط پر ایک سال میں 150 ارب روپے کا قرضہ دیا جائے گا، بہترین بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری کیلئے کاشتکاروں کو 30 ہزار روپے فی ایکڑ زرعی قرض دیا جائے گا، نجی شعبے کے اشتراک سے پنجاب بھرمیں ماڈل ایگریکلچرسنٹرز بنائے جائیں گے جہاں زرعی ادویات، جدیدمشینری، بیج اور نمائشی پلاٹ بنائے جائیں گے، ماڈل ایگریکلچرسنٹر بننے سے کاشتکاروں کوجعلی کھاد اور ادویات سے چھٹکارا ملے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات