ٹرمپ نے صدر جو بائیڈن کی ہتک آمیز ویڈیو شیئر کر دی

ٹرمپ باقاعدگی سے سیاسی تشدد کو ہوا دے رہے ہیں،ترجمان جوبائیڈن کا ردعمل

اتوار 31 مارچ 2024 12:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ صدر جو بائیڈن کی ہتک آمیز ویڈیو شیئر کر دی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بعد سے ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو میں 2 پک اپ ٹرکس کو ایک ہائی وے پر چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے جن پر ٹرمپ کے حامی ہونے کے نشانات اور جھنڈے لگے تھے اور ساتھ ہی دوسرے ٹرک کے پیچھے جوبائیڈن کی تصویر دکھائی گئی جس میں انہیں رسیوں سے باندھا دکھایا گیا ہے جیسے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہو۔

دوسری جانب جو بائیڈن کی دوبارہ صدارتی انتخابی مہم کے دوران کہا گیا ہے کہ ریپبلکن امیدوار ٹرمپ کی زبان میں تلخی زیادہ ہو گئی ہے جو تشدد کا باعث بن سکتی ہے۔جو بائیڈن کے ترجمان مائیکل ٹائلر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کو گھٹیا پن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ باقاعدگی سے سیاسی تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ لوگ اسے سنجیدگی سے لیں، صرف کیپیٹل پولیس افسران سے پوچھیں جن پر 6 جنوری کو ہماری جمہوریت کی حفاظت کرتے ہوئے حملہ کیا گیا تھا۔