تاجروں کا بغیر مشاورت فکس ٹیکس لگانے کے فیصلے کیخلاف بھرپور احتجاج کا اعلان

حکمران اپنی عیاشیاں بند کریں، سوئی سے لے کر گھر پلاٹ تک عوام ٹیکس دے، مہنگائی کے طوفان میں پھنسے تاجروں پر مزید ظلم بند کیا جائے۔ تاجر نمائندوں کا مطالبہ

اتوار 31 مارچ 2024 20:20

تاجروں کا بغیر مشاورت فکس ٹیکس لگانے کے فیصلے کیخلاف بھرپور احتجاج ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے وائس چیئرمین حماد قریشی نے کہاہے کہ تاجروں پر SRO420 کے تحت نمائندوں سے بغیر مشاورت کے فکس ٹیکس لگانے کے فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا، حکمران اپنی عیاشیاں بند کریں، سوئی سے لے کر گھر پلاٹ تک عوام ٹیکس دے، مہنگائی کے طوفان میں پھنسے تاجروں پر مزید ظلم بند کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ حماد قریشی نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ نان فائلر کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے اقدامات کی مکمل حمایت کی جائے گی ، پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والوں پر بجلی کے بلوں سے مزید فکس ٹیکس ہرگز ادا نہیں کریں گے۔انہوںنے کہاکہ سی ڈی اے ،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور کینٹ بورڈ کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس میں آضافہ کو بھی مسترد کرتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان تاجر برادری کے ساتھ ملاقات کریں ہم آپ کو نئے ٹیکس گزار رجسٹر بھی کروئیں گے اور ٹیکس کولیکشن میں بھی تعاون کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پٹرول بجلی گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافے عوام پر خودکش حملے ہیں، قومی اداروں کی نجکاری سے بہتر ہے ان اداروں سے کرپشن اور کرپٹ مافیاز کو ختم کیا جائے۔