شاہین آفریدی کو قیادت سے ہٹاکر ذمے داری بابر اعظم کو سونپنا ایک اسٹریٹجک قدم ہے ،پی سی بی

کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کھلاڑیوں کے لمبے کیریئر ، فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے ضمن میں بورڈ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے،بیان

اتوار 31 مارچ 2024 22:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہاہے کہ شاہین آفریدی کو قیادت سے ہٹاکر ذمے داری بابر اعظم کو سونپنا ایک اسٹریٹجک قدم ہے جس کا مقصد ورک لوڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی کو یقینی بنانا تھا۔ایک بیان میں پی سی بی نے کہاکہ شاہین آفریدی نے بلاشبہ خود کو ایک اسٹار فاسٹ بولر ثابت کیا ہے،انہوں نے کئی برسوں سے پاکستان کے پیس اٹیک کی قیادت کی ہے،بورڈ ان کی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے روٹیشن اور آرام کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے مطابق کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کھلاڑیوں کے لمبے کیریئر اور فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے ضمن میں بورڈ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔پی سی بی نے کہاکہ ورک لوڈ مینجمنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ہے کہ پی سی بی کے اہم بولرز اپنے کھیل میں نمایاں رہیں۔پی سی بی کے مطابق بورڈ نہیں چاہتا کہ قومی ٹیم بولنگ کے وسائل کے حوالے سے انجریز کے بحران سے دوچار ہو جیسا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022سے پہلے شاہین آفریدی انجرڈ ہوئے تھے اور آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں ٹیم کونسیم شاہ کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔