پنجاب میں (آج )سینیٹ انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل، پنجاب اسمبلی کا ایوان پولنگ اسٹیشن قرار

خواتین کی 2، ٹیکنوکریٹ کی 2 اور ایک اقلیتی نشست کے لئے ووٹنگ ہو گی ،جنرل نشستوں پر سات سینیٹرز بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں

پیر 1 اپریل 2024 14:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2024ء) پنجاب میں آج (منگل ) کے روز سینیٹ انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ سٹیشن قرار دیدیاہے، پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گی ،صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز چوہان سینیٹ انتخاب میں ریٹرننگ آفیسر کے فرائض سرانجام دیں گے۔پنجاب میں کل سینیٹ کے لئے تین کیٹگریز کے لئے انتخاب ہو گا، پنجاب میں خواتین کی 2، ٹیکنوکریٹ کی 2 اور ایک اقلیتی نشست کے لئے ووٹنگ ہو گی جبکہ پنجاب میں جنرل نشستوں پر سات سینیٹرز بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی انوشہ رحمن، بشری انجم بٹ امیدوار ہیں جبکہ خواتین نشست پر پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک اور سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید امیدوار ہیں۔ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن)کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک امیدوار ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سنی اتحاد کونسل کی ڈاکٹر یاسمین راشد امیدوار ہیں۔دوسری جانب اقلیت کی نشست پر مسلم لیگ (ن)کے خلیل طاہر سندھو اور سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق امیدوار ہیں۔دوسری جانب جنرل نشستوں پر سید محسن نقوی، پرویز رشید،احد چیمہ، ناصر بٹ، طلا ل چودھری، حامد خان ایڈووکیٹ، علامہ راجہ ناصر عباس بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔