جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار

پی ڈی ایم کی 16ماہ کی حکومت کی تباہ کاریوں نے پہلے ہی عوام کا بھرکس نکالا ہوا تھا نگراں حکومت نے مزید اس میں اضافہ کیااب رہی سہی کسر پی ڈی ایم 2حکومت پورا کررہی ہے،صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر

پیر 1 اپریل 2024 19:40

جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اپریل2024ء) جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پٹرول کی قیمت میں 9.

(جاری ہے)

66روپے اضافہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی 16ماہ کی حکومت کی تباہ کاریوں نے پہلے ہی عوام کا بھرکس نکالا ہوا تھا نگراں حکومت نے مزید اس میں اضافہ کیااب رہی سہی کسر پی ڈی ایم 2حکومت پورا کررہی ہے رمضان مبارک کے آخری عشرے میں جب مسلمان اعتکاف میں اپنے رب کو راضی کرنے کیلئے عبادت میں مصروف ہوتے ہیں عید کی خریداری کا بوجھ عوام کے ناتواں کا ندھ پر ہے، شدید گرمی میں بجلی،پانی اور گیس سے محروم عوام پر حکومت نے پہلے گیس پھر بجلی اور اب پٹرول بم دے مارا ہے انہوں نے کہا کہ جب سے شہباز حکومت اقتدار میں آئی ہے ہر روز توانائی سے متعلق اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کا مژدہ سنایا جارہا ہے جس کا ڈائریکٹ اثر اشیا خوردنوش کی قیمتوں پر پڑرہا ہے اور ملک میں گرانی کاعفریت عوام کو جینے کے حق سے محروم کررہا ہے ابھی عوام پچھلے مہنگائی کے زخموں سے نجات حاصل نہیں کرپائے تھے کہ پھر ان پر بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کا بم دے مارا ہے انہوں نے کہا آخر حکومت عوام کا خون چوسنا کب بند کرے گی ، حکومت اشرافیہ کو دی جانے والی مراعات کیوں ختم نہیں کرتی ،اشرافیہ کے اربوں کھربوں ڈالرکی مفت بجلی،گیس،پٹرول کی سہولیات کا بوجھ ان لاکھوں روپے تنخواہ وصول کرنیوالوں پرکیوں نہیں ڈالا جاتا، ملک میں غریب کا سانس لینا محال ہو چکا ہے مڈل کلاس تباہ ہو رہی ہے امیر امیر تر اورغریب زمین بوس ہورہا ہے لیکن اقتدار کے ماتھے پر ندامت کے اثرات تک نہیں، ایسا لگتا ہے کہ حکومت عوام کے معاشی قتل عام کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے حکمراں عوام کے صبر کا امتحان نہ لیں اگر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا توعوام کاطوفان سڑکوں پر امڈ آئے گا جسے کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگالہذا حکومت حالیہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔