ایک گہری سازش کے ذریعے میرپور کے امن کو خراب کیا جا رہا ہے،چوہدری نعیم اختر

منگل 2 اپریل 2024 13:30

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس،ممبر مرکزی مجلس عاملہ مسلم لیگ ن وسابق کوآرڈینیٹر وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر برائے یورپ چوہدری نعیم اختر نے کے ایف سی میرپور میں توڑ،پھوڑ،جلاؤ گھیراؤ کرنے اور عملے کو مار پیٹ کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت آزادکشمیر سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام شرپسند جتھوں کو فوری گرفتار کرتے ہوئے قرارواقعی سزا دیں تاکہ آئندہ کوئی بھی واقعہ رونما نا ہو ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے مزید کہا کہ فخر میرپور چوہدری محمد سعید نے میرپور کے شہریوں کو ان کی دہلیز پر تمام تر سہولیات میسر کر کے عوامی لیڈر ہونے کا ثبوت دیا لیکن ایک گہری سازش کے ذریعے میرپور کے امن کو خراب کیا جا رہا ہے ہمیں انتظامیہ اور پولیس آفیسران سمیت کے ایف سی ملازمین کے زخمی ہونے پر بے حد دکھ اور افسوس ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ماضی میں میرپور کی تاریخ کے اندر کبھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا میرپور کے اندر خوف وہراس پھیلانا کسی صورت مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی باعث ایسا واقعہ پیش آیا حکومت آزادکشمیر اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے جو فوری طور پر تحقیقات کرتے ہوئے اس واقعہ کے ملزمان کو عوام کے سامنے لائے۔انھوں نے کہا کہ کے ایف سی واقعہ سے تارکین وطن میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے قانون کسی کو بھی ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے ادارے موجود ہیں ان کے سربراہان بہتر جانتے ہیں کہ وہ کس حکمت عملی کے تحت قانون نافذ کر سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کے ایف سی حملہ میرپور کی رپوٹیشن پر حملہ ہے اس کے منفی اثرات مزید سرمایہ کاری پر پڑیں گے حکومت آزادکشمیر کا کام ہے کہ وہ کاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کرے اس واقعہ کی صاف اور شفاف انکوائری اس لئے بھی ضروری ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔