Live Updates

تین ماہ میں 18 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع، 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کلیکشن کا جامع نظام لائیں گے،مریم نواز شریف

منگل 2 اپریل 2024 17:10

تین ماہ میں 18 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع، 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے پیر کو مختلف اضلاع کے ا رکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلی کو عوامی مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا اور ڈویلپمنٹ کے لئے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔وزیراعلی مریم نواز نے ارکان اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات نوٹ کیں اور قابل عمل تجاویز پرعملدر آمد کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی پر وزیراعلی مریم نوازکو مبارکباد پیش کی اور ستھرا پنجاب اوردیگر پراجیکٹس کو سراہا،جس پر وزیراعلی مریم نواز نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں سب کی وزیر اعلی ہوں،مل کر چلیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 600 روڈ کی تعمیر و مرمت،5 ایکسپریس وے اور3 موٹر ویز بنائیں گے،صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی،دیہات اوردوردراز علاقوں میں علاج کیلئے موبائل ہسپتال اورکلینک آن ویل پراجیکٹ جلد شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو6 ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا،پنجاب بھر میں فراہمی اور نکاسی آب کے امور میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں آئندہ3 ماہ میں18 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع ہو گا،36 اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لار ہے ہیں،طلبا کو 20 ہزار موٹر بائیکس دی جا رہی ہیں،ہر ضلع میں3 ہزار بائیکس دی جائیں گی،پنجاب میں ایک لاکھ گھر کم آمدن والے افراد کو دیں گے۔

ارکان اسمبلی نے ملاقات میں وزیر اعلی مریم نواز کو یقین دلایا کہ کہ پنجاب میں بہتری لانے کی کوشش میں ہمقدم ہیں۔وزیر اعلی کے اقدامات قابل تحسین ہیں،کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ خواتین ایم پی ایز نے کہا کہ مریم نواز کا پہلی وزیر اعلی بننا ہر خاتون کا اعزاز ہے،ملاقات کرنے والوں میں ٹکٹ ہولڈر سعود مجید،ایم پی اے خالد ججہ شامل تھے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین،راجہ محمد اسلم خان،خالد جاوید اصغر گھرال،مدد علی شاہ، چوہدری اعجاز احمد،حسن عسکری شیخ،تاشفین صفدر،سلمی سعید،سیدہ ثمرین تاج نے ملاقات کی۔

سید علی حیدر گیلانی،ندیم افضل چن،ملک واصف مظہر،محمد اقبال،غضنفر علی خان،عامر علی شاہ،قاضی احمد سید،سردار حبیب الرحمن خان،رئیس نبیل احمد،میاں علمدار عباس قریشی،شازیہ عابد،نیلم جبار چوہدری،نرگس فائزہ ملک رابعہ نذیر اور دیگر نے بھی ملاقات کی۔ محمد اور رنگ زیب،پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی ذیشان ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات