ایران ‘اسرائیل تصادم:تیل کی قیمتوں میں اضافہ ‘براہ راست جنگ کی صورت میں قیمت150ڈالربیرل تک پہنچ سکتی ہے.بلوم برگ

برینٹ نے آخری بار جون 2022 میں موجودہ سطح سے اوپر تجارت کی جب یوکرین روس تنازع کے دوران تیل95ڈالر فی بیرل سے تجاوزکرگیا تھا. انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 2 اپریل 2024 17:14

ایران ‘اسرائیل تصادم:تیل کی قیمتوں میں اضافہ ‘براہ راست جنگ کی صورت ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 اپریل۔2024 ) دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی فضائی حملے اور تہران کی جوابی کاروائی کی دھمکی کے بعد انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج (آئی سی ای) کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 89 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی یہ جون 2022 کے بعد بلند ترین اضافہ ہے . مالیاتی جریدے ”بلومبرگ “کے مطابق ایران اور اسرائیل کے براہ راست تصادم سے خام تیل کی قیمت 150ڈالر بیرل تک بڑھ سکتی ہے آئی سی ای کے اعداد و شمار کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھے جانے کے بعد حملہ کی اطلاع سے کچھ دیر پہلے برینٹ فیوچرز میں تقریباً 2 فیصد کا اضافہ ہوا تھا جبکہ امریکی بینچ مارک ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 85ڈالر سے تجاوز کر گیا.

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چونکہ ایران تیل پیدا کرنے والے بڑے ملکوں میں شامل ہے اس لیے تہران کے کسی بھی تنازع میں ملوث ہونے کی صورت میں تیل کی قیمتوں پر اثرآنا یقینی ہے تہران کا کہنا ہے کہ غزہ میں فلسطینی گروپ حماس کی مبینہ حمایت کی وجہ سے اسرائیل نے شام میں ایرانی تنصیبات کو بارہا نشانہ بنایا ہے حالیہ مہینوں میں تیل کی قیمتوں میں اس خدشے کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازع مشرق وسطیٰ کے وسیع تر تک پھیل سکتا ہے.

یہ خطہ توانائی کا ایک اہم فراہم کنندہ اور تیل کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے مارچ کے وسط میں برینٹ کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جب یمن کے حوثی عسکریت پسندوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر راکٹ فائر کیے اور اسے اسرائیل اور اس کے حامیوں کی کارروائیوں کا بدلہ قرار دیا جس کی وجہ سے یہ بحری گزرگاہ غیرمحفوظ سمجھی جارہی ہے.

بلومبرگ اکنامکس کے ایک اندازے کے مطابق اگر ایران تنازع میں شامل ہوتا ہے تو تیل کی قیمتیں 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ برینٹ نے آخری بار جون 2022 میں موجودہ سطح سے اوپر تجارت کی جب 28 جون 2022 کویوکرین تنازع پر روس کے خلاف مغربی پابندیوں کی مہم کے ابتدائی مراحل میں تھیں تو28جون2022کو خام تیل کی قیمت 98 اعشاریہ460 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی. رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ”اوپیک پلس“کی جانب سے پیدوار میں کمی ‘چین کی جانب سے مضبوط معاشی اعداد و شمار، اور اس سال عالمی خسارے کے بارے میں ماہرین اقتصادیات کی توقعات نے بھی خام تیل کی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے.