وزیراعظم شہباز شریف کی صدر آصف زرداری سے استعفیٰ لینے اور فیلڈ مارشل کے صدر بننے سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید

فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے، شہباز شریف نے تمام خبروں کو بے بنیاد اور قیاس آرائی پر مبنی قرار دیدیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 جولائی 2025 13:55

وزیراعظم شہباز شریف کی صدر آصف زرداری سے استعفیٰ لینے اور فیلڈ مارشل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جولائی 2025) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لئے جانے یا آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خواہش سے متعلق تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قیاس آرائی پر مبنی قرار دیا ہے، دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ صدر آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وہ خود، تینوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے، وزیرا عظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں صدر آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کیخلاف چلائی جانے والی مہم کو ”منظم سازش“ قرار دے کر اس کی شدید مذمت کی۔

خیال رہے کہ دو روزقبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدرمملکت آصف زرداری کی تبدیلی سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر پاکستان بننے سے متعلق کوئی خیال موجود نہیں تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(ٹوئیٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا تھاکہ صدرمملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکو نشانہ بنانے والی بدنیتی پر مبنی مہم کے پیچھے افراد سے بخوبی واقف تھے۔

ان کاکہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں صدر آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو نشانہ بنانے والی مہم کے پیچھے کون تھے۔ایکس پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کایہ بھی کہنا تھا کہ میں واضح طور پر کہہ چکا ہوں کہ نہ تو صدرمملکت کو استعفیٰ دینے کیلئے کہا جا رہا ہے اور نہ ہی اس قسم کی کوئی بات زیر غور تھی آرمی چیف صدارت کا منصب سنبھالنے کے خواہاں تھے۔

ان کایہ بھی کہنا تھاکہ صدرآصف زرداری کے مسلح افواج کی قیادت سے مضبوط اور احترام پر مبنی تعلقات ہیں۔ صدر پاکستان کے مسلح افواج کی قیادت کے ساتھ مضبوط اور احترام پر مبنی تعلقات ہیں محسن نقوی نے اپنے پیغام میں یہ بھی واضح طور پر کہا تھا کہ میں جانتا ہوں یہ جھوٹ کون پھیلا رہا ہے اور وہ ایسا کیوں کر رہے تھے اور اس پروپیگنڈے سے کس کو فائدہ پہنچ رہا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ کامزید کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد ریاستی اداروں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا اور ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا تھا۔یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ملک عدم استحکام کا شکار ہولیکن ہم ان کے یہ عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے ملک دشمن عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اس بیانیے کو پروان چڑھا رہے ہیں وہ جو چاہیں کرلیں۔ ہم اپنا فرض نبھائیں گے اوران شاء اللہ پاکستان کو ایک بار پھر مضبوط بنائیں گے۔