Live Updates

عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو تمام ممالک متاثر ہوتے ہیں

تیل کی قیمتوں پر روپے اور ڈالر کی قیمت میں فرق بھی اثرانداز ہوتا ہے، عالمی منڈی میں تیل وگیس کی قیمتیں حکومت کے کنٹرول میں نہیں، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 2 اپریل 2024 20:21

عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو تمام ممالک متاثر ہوتے ہیں
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل 2024ء ) وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو تمام ممالک متاثر ہوتے ہیں، تیل کی قیمتوں پر روپے اور ڈالر کی قیمت میں فرق بھی اثرانداز ہوتا ہے، جب ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمتیں بڑھنے سے تمام ممالک متاثر ہوتے ہیں، روپے اور ڈالر کی قیمت میں فرق بھی تیل کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتا ہے، جب ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی استحکام سب سے بڑی ضرورت ہے، سیاسی استحکام آئے گا تو ملک میں معاشی استحکام آئے گا، تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں موجودہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلی میں عمران خان کو کہا کہ وہ ان کے ساتھ میثاق جمہوریت کرلیں، سیاسی کشمکش اپنی جگہ ملکی مسائل کے حل کے لیے مل کرکام کریں لیکن عمران خان نے ہاتھ جھٹک دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہم نے اب بھی فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر ملک کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے، الیکشن میں ہمارا خیال تھا ہمیں 90 سے 110 تک سیٹیں مل جائیں گی مگر ہمیں اتنی سیٹیں نہیں ملیں، پھر بھی ہم عوامی رائے کا احترام کرتے ہیں، ہم نے پی ٹی آئی سے کہا اگر وہ سمجھتی ہے اس کے پاس اکثریت ہے تو وہ حکومت بنائے، پیپلز پارٹی نے بھی ان کو یہی تجویز دی، جس طرح ہم آگے آکر ملکی مسائل کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کررہے ہیں، تحریک انصاف کے لوگ بھی سامنے آکر عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کرسکتے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام یورپی ممالک اور دنیا کے دیگر بڑے ممالک مل کر بھی تیل کی عالمی منڈی پر اثر انداز نہیں ہوسکتے، پاکستان جیسے چھوٹے ملک کے لیے ایسا کرنا اور مشکل کام ہے، بعض ممالک کے ساتھ ہمارے معاہدے ہیں، جس کی وجہ سے ہمیں تھوڑی سے رعایت مل جاتی ہے مگر یہ ڈسکاؤنٹ معنی خیز نہیں ہوتا، بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل و گیس کی قیمت اور روپے اور ڈالر کا تناسب بہت اہم ہے، ہم تیل ڈالر میں خریدتے ہیں مگر پیٹرول پمپوں پر ڈالر میں نہیں بیچتے۔

مصدق ملک کا کہنا ہے کہ جب ہم پیٹرول پمپوں سے روپیہ جمع کرلیتے ہیں تو پھر ہمیں ڈالر خریدنا پڑتا ہے تاکہ ہم پیٹرول خرید سکیں، بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل و گیس کی قیمت حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہے لیکن ملک کی سلامتی اور اکنامک فریم ورک میں استحکام بہت ضروری ہے، ملک کی اپنی تیل و گیس کی پیداوار میں سالانہ تقریباً 8 سے 9 فیصد کمی آرہی ہے، اس پیداوار کو بڑھانے کے لیے ہمیں اہداف دیے گئے ہیں، ہمیں درآمدات اور برآمدات کا تناسب بھی ٹھیک کرنا ہوگا۔
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات