عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چئیرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے

muhammad ali محمد علی منگل 2 اپریل 2024 20:47

عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل2024ء) عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چئیرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کا چاند دیکھنے کےلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس 9 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس کی صدارت چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ کمیٹی شوال کےچاند کا اعلان ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کر کرے گی ۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ موسمیات ، سپارکو اور سائنس ٹیکنالوجی کے حکام شریک ہوں گے۔ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگاجبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام قریب آنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ جبکہ کروڑوں مسلمان یہ جاننے کیلئے بھی کوشاں ہیں کہ عید الفطر کس تاریخ کو ہو گی۔ ملک بھر میں شوال کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بجکر 21 منٹ پر ہوگی اور 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائیگی جبکہ غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہوگا۔ ملک کے جنوبی علاقوں سمیت زیادہ تر مقامات پر 9 اپریل کو مطلع صاف رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اپریل کو چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد بھی سائنسی بنیاد پر رمضان کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہر کر چکے ہیں جس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہو سکتی ہے۔ مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ سائنسی لحاظ سے چاند کی عمر 20 گھنٹے کے قریب اور زاویہ بھی 10 ڈگری ہوگا۔ اگر شوال کا چاند 29 کا ہوا تو اس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔