ہماری نئی نسل جدید تحقیقات اور تخلیقات سے بھرپور استفادہ کریں، گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ

منگل 2 اپریل 2024 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ حقوق اور فرائض کے درمیان باہمی ربط پایا جاتا ہے۔انسان اپنے حقوق کے حصول کے بعد ہی انسان فرائض کی ادائیگی کیلئے تیار ہو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی تنظیم اور جمہور کی سیاست ہی وہ شعوری اشتراک ہے جس میں انسان ایک زندہ ڈسپلن کے پابند ہوکر اپنا مجموعی نقطہ نظر سامنے رکھتا ہے اور اپنی پوری توجہ اپنے قومی اہداف کے حصول پر مرکوز رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ فرض شناسی اور احساس ذمہ داری کا زندگی کے تمام شعبوں میں بہت اہم کردار ہے۔ احساس ذمہ داری ہی منزل سے منزل تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ عوام میں اجتماعی احساس جگانے، حقوق و فرائض میں توازن قائم کرنے اور بےآواز لوگوں کی آواز بنے میں پولیٹکل کیڈرز کا کلیدی کردار ہے۔ جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بدولت نوجوان طبقہ کیلئے علم و تحقیق کی نئی راہیں متعین ہو چکی ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ہماری نئی نسل جدید تحقیقات اور تخلیقات سے بھرپور استفادہ کریں۔